جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز کے بعد پانچواں ایک روزہ بین الاقومی میچ باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز بھی 3-2 اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز کا ہدف دیا جو پروٹیز نے40ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ڈی کوک نے 83 رنز کی اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے 39رنز کا آغاز دیا، پاکستان کو پہلی کامیابی اُس وقت ملی جب ہاشم آملہ شاہین آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین ہینڈرکس نے ڈی کوک کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 61رنز جوڑ کو ٹیم کو پوزیشن مستحکم کر دی، لیکن ہینڈرکس 34رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
ڈی کوک نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، انہوں نے صرف 58گیندوں پر 83 رنز بنائے۔ جس میں تین چھکے اور گیارہ چوکے شامل تھے، ایک روزہ میچوں میں یہ اُن کی 18ویں نصف سنچری ہے۔
واضح رہے جب جنوبی افریقہ کا اسکور 20 رنز تھا، ڈی کوک 12رنز پر حفیظ کے ہاتھوں کیچ ہوئے لیکن عثمان شنواری کی گیند نوبال قرار دے دی گئی۔
ڈوپلیسی اور وین ڈر ڈوسین نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ گنوائے ٹیم کو فتح دلادی۔ دونوں بیٹسمینوں نے ناقابل شکست 50،50 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
کراچی —
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1