رسائی کے لنکس

سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اکتوبر میں دورۂ پاکستان کی پیش کش


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کی مجوزہ تاریخوں سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم اس مجوزہ دورے میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی جس کے لیے پی سی بی نے اکتوبر کی تاریخیں تجویز کی ہیں۔

پاکستانی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق پی سی بی نے سری لنکا کو لاہور اور کراچی میں ایک، ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔

پہلا ٹیسٹ میچ یکم اکتوبر سے 5 اکتوبر تک کراچی جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 9 اکتوبر سے 13 اکتوبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ان ٹیسٹ میچز کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کی غرض سے سری لنکا کا چار رکنی سیکورٹی وفد ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے۔

اس دورے سے واپسی پر وفد سری لنکن کرکٹ بورڈ کو اپنی سفارشات پیش کرے گا جس کے بعد ہی سری لنکن حکام اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کریں گے۔

بدھ کو سری لنکن وفد نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کر کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ جمعرات کو وفد کی لاہور میں پنجاب کے سیکورٹی حکام سے ملاقات اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ طے ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کے دورے میں میڈیا سے گفتگو میں وفد کے رکن موہن ڈی سلوا نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں لیکن 2009 کے واقعے کے بعد سیکورٹی پر تحفظات پیدا ہونا بھی فطری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن بورڈ پی سی بی کے ساتھ کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کا خواہش مند ہے لیکن اس سے قبل سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG