رسائی کے لنکس

ممنون حسین نے منصب صدارت سنبھال لیا


ممنون حسین 30 جولائی کے صدارتی انتخاب میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے، اُن کی تقریب حلف برداری میں آصف علی زرداری بھی شریک تھے۔

پاکستان میں ممنون حسین نے صدر مملکتِ کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا ہے۔

ممنون حسین 30 جولائی کے صدارتی انتخاب میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے، تاہم اُنھیں اس منصب پر براج مان ہونے کے لیے اپنے پیش رو آصف علی زرداری کی پانچ سال آئینی مدت مکمل ہونے تک انتظار کرنا پڑا۔

ممنون حسین کی تقریب حلف برداری پیر کو ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی، جس میں عدالتِ عظمیٰ کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے اُن سے صدر مملکت کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں سابق صدر آصف علی زرداری کے علاوہ وزیر اعظم نواز شریف، مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

آصف علی زرداری کی آئینی مدت اتوار کی نصف شب مکمل ہوئی تھی، جس سے چند گھنٹے قبل اُنھیں ’’گارڈ آف آنر‘‘ کے ساتھ ایوانِ صدر سے رخصت کیا گیا۔ پاکستان کی 66 سالہ تاریخ میں وہ پہلے جمہوری منتخب صدر تھے، جنھوں نے اس عہدے کی آئینی مدت مکمل کی۔

سن 2010ء میں اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد صدرِ مملکت کا عہدہ رسمی تصور کیا جاتا ہے کیوں کہ بیشتر اختیارات صدر سے وزیرِ اعظم کو منتقل ہو چکے ہیں۔

ممنوں حسین 1940ء میں بھارتی شہر آگرہ میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد اُن کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا جہاں وہ کپڑے کی صنعت سے وابستہ ہے۔

اُنھوں نے 1970ء کی دہائی میں مسلم لیگ (ن) سے وابستگی اختیار کی اور 1999ء میں صوبہ سندھ کے گورنر بھی رہے۔ صدارتی انتخاب میں کامیابی کے فوراً بعد اُنھوں نے اپنی سیاسی وابستگی ترک کر دی تھی۔

ممنون حسین حالیہ بیانات میں کہتے آئے ہیں کہ وہ آئین کے مطابق عہدہ صدارت کی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

حکمران جماعت کی طرح ممنون حسین نے بھی دہشت گردی اور توانائی کے بحران کو حکومت کے لیے بڑے چیلنجز قرار دیا ہے، اور اُن کا کہنا ہے کہ وہ ان مسائل کے حل کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پر توجہ مرکوز کریں گے۔
XS
SM
MD
LG