رسائی کے لنکس

دورۂ جنوبی افریقہ سے قبل پاکستان ٹیم پر پھر کرونا کی تلوار لٹکنے لگی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے قبل ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کرکٹ بورڈ نے مزید سخت اقدامات اٹھا لیے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کو اسکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد متاثرہ کھلاڑی کی 19 مارچ سے شروع ہونے والے ٹریننگ کیمپ میں شمولیت کھٹائی میں پڑ گئی ہے۔

پی سی بی نے کرونا کا شکار ہونے والے کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا۔ البتہ وہ دوسرے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ آنے تک اپنے گھر میں الگ تھلگ رہے گا۔

دوسرا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں کھلاڑی کو لاہور جانے کی اجازت ہو گی جہاں اسے مزید دو روز آئیسولیشن میں رہنا ہو گا اور پھر ٹریننگ سیشن میں شمولیت سے قبل اس کا ایک اور ٹیسٹ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کو کرونا کی تیسری لہر کا سامنا ہے اور یومیہ مثبت ٹیسٹ آنے کی شرح بھی آٹھ فی صد تک پہنچ گئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ 16 مارچ کو ان کے اپنے شہروں میں ہو چکے ہیں جب کہ دوسرے مرحلے میں کھلاڑیوں کے جمعرات کو لاہور پہنچنے پر ہوٹل میں ہی ٹیسٹ ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق ٹریننگ سیشن میں وہی کھلاڑی حصہ لے سکیں گے جن کے کرونا ٹیسٹ منفی ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں سمیت عملے کے سات افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے اور ایونٹ ملتوی ہونے کے بعد دورۂ جنوبی افریقہ، پاکستان کرکٹ ٹیم کی پہلی اسائمنٹ ہے۔

اس دورے سے قبل ٹیم کا 19 مارچ کو تربیتی کیمپ ہو گا جس کے دوران کھلاڑی نیٹ پریکٹس کریں گے جب کہ 22 اور 24 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 50 اوورز پر مشتمل انٹرا اسکواڈ میچز بھی شیڈول ہیں۔

پاکستان کرکٹ اسکواڈ 26 مارچ کو جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہو گا جہاں تین ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

دورۂ جنوبی افریقہ کے بعد پاکستان ٹیم زمبابوے روانہ ہو گی جہاں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

XS
SM
MD
LG