رسائی کے لنکس

پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پرافغان صدر کی تعزیت


صدر اشرف غنی۔ فائل فوٹو
صدر اشرف غنی۔ فائل فوٹو

پاکستان میں گذشتہ ایک ہفتہ میں دہشت گردی کے تین مختلف حملوں میں 175سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان کے نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رابطہ کرکے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور ہمددردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر نگران وزیراعظم نے ان حملوں کو بزدلانہ حملے قرار دیا جو ملک میں انتخابات کی صورت میں جمہوری عمل کو متاثر کرنے کے لیے کیے گئے۔ نگران وزیراعظم جسٹس ناصر الملک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان دہشت گردانہ کاروائیوں کے باجود نگران حکومت بروقت انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے گی۔

ٹیلی فونک بات چیت میں دونوں راہنماؤں نے امن اور خطے کو نقصان پہنچانے والے مشترکہ دشمن کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آ ئی ایس پی آر) کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے آرمی چیف جنرل قمر جاويد باجوہ کو ٹیلی فون کیا اور پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان صدر نے پاک افغان بارڈر پر سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان میں انتخابات کے دوران سیکیورٹی فورسز سے تعاون کریں گے۔ پاک فوج کے سربراہ نے افغان صدر کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان میں گذشتہ ایک ہفتہ میں دہشت گردی کے تین مختلف حملوں میں 175سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

ان دہشت گرد حملوں کی وجہ سے انتخابی مہم کے دوران سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں اور سیاسی جماعتوں نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنے جلسوں کے پروگراموں میں ردوبدل کی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ میں سیاسی جلسوں کو سیکیورٹی فراہم کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG