رسائی کے لنکس

احمد شہزاد پر میچ فیس کا نصف جرمانہ عائد


احمد شہزاد (فائل فوٹو)
احمد شہزاد (فائل فوٹو)

میچ ریفری کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز احمد شہزاد سری لنکن کھلاڑی دلشان کے ساتھ ’’غیر موزوں اور دانستہ طور پر الجھنے‘‘ کے مرتکب پائے گئے۔‘‘

پاکستان کے ابتدائی بلے باز احمد شہزاد کو سری لنکا کے بیٹسمین تلکارتنے دلشان سے الجھنے اور انھیں ہاتھ سے دھکیلنے پر میچ فیس کی پچاس فیصد رقم کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم ’’آئی سی سی‘‘ کی طرف سے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ میچ ریفری کے مطابق احمد شہزاد ’’غیر موزوں اور دانستہ طور پر الجھنے‘‘ کے مرتکب پائے گئے۔‘‘

یہ واقعہ اتوار کو شارجہ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے دوران پیش آیا جس میں 19 اوورز کے اختتام پر بیٹنگ کرنے والے سری لنکن کھلاڑی دلشان اور احمد شہزاد کے درمیان پہلے زبانی بحث ہوئی اور پھر پاکستانی کھلاڑی نے حریف کو کندھے پر سے دھکیل دیا۔

پاکستان نے یہ میچ ایک بڑے فرق یعنی 113 رنز سے جیتا اور اسے سیریز میں دو، ایک سے برتری بھی حاصل ہوئی۔ احمد شہزاد اس میچ میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز بنا رن آؤٹ ہوئے تھے۔
XS
SM
MD
LG