رسائی کے لنکس

فلسطینی کی فائرنگ سے دو اسرائیلی ہلاک، ایک زخمی


اسرائیلی پولیس اور فوجی اہلکار فائرنگ کے بعد جائے واقعہ پر موجود ہیں۔
اسرائیلی پولیس اور فوجی اہلکار فائرنگ کے بعد جائے واقعہ پر موجود ہیں۔

اسرائیلی فوج نے واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور کی عمر 23 سال تھی جو مغربی کنارے کے ایک گاؤں کا رہائشی ہے اور فائرنگ کے بعد سے فرار ہے۔

فلسطین کے علاقے مغربی کنارے میں ایک فیکٹری میں ایک فلسطینی شخص کی فائرنگ سے دو اسرائیلی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

حکام کے مطابق واقعہ اتوار کو مغربی کنارے میں اسرائیل کے زیرِ انتظام علاقے میں واقع ایک یہودی بستی سے متصل صنعتی علاقے میں پیش آیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق بارکان انڈسٹریل پارک نامی اس صنعتی مرکز میں اسرائیلیوں کے لگ بھگ 160 کارخانے ہیں جہاں پانچ ہزار فلسطینی ملازم ہیں۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق حملہ آور اسی فیکٹری میں ملازم تھا جہاں اس نے فائرنگ کی۔ فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں جب کہ ایک خاتون زخمی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور کی عمر 23 سال تھی جو مغربی کنارے کے ایک گاؤں کا رہائشی ہے اور فائرنگ کے بعد سے فرار ہے۔

تاہم صنعتی مرکز میں کام کرنے والے بعض افراد نے واقعے کو دہشت گردی قرار دینے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ واقعہ بظاہر ملازم اور فیکٹری مالک کی باہمی چپقلش کا نتیجہ ہے۔

اسرائیلی ٹی وی چینلز نے فیکٹری میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو نشر کی ہے جس میں فائرنگ کے بعد ہاتھوں میں پستول اٹھائے ایک شخص کو تیزی سے سیڑھیاں اترتے اور فیکٹری سے دور بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

بارکان کا یہ صنعتی مرکز اسی نام سے قائم یہودی بستی سے متصل ہے جسے اسرائیلی حکام نے 1980ء کے اوائل میں آباد کیا تھا۔

کئی ممالک مغربی کنارے میں موجود اسرائیلی بستیوں کو غیر قانونی سمجھتے ہیں جو ان علاقوں میں قائم ہیں جن پر اسرائیل نے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران قبضہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG