رسائی کے لنکس

بھارتی کمپنی کا پی ایس ایل کے مزید میچز کی کوریج سے انکار


پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان: فائل فوٹو
پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان: فائل فوٹو

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد بھارتی کمپنی پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے مزید میچز کی کوریج سے دستبردار ہو گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی کمپنی آئی ایم جی ریلائنس اتوار کو دبئی میں سیزن کے ساتویں میچ کے بعد لائیو پروڈیوز نہیں کرے گی۔

نئے لائیو براڈکاسٹر کا اعلان پیر کو نئے معاہدے کے بعد متوقع ہے۔

پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا ہے کہ آئی ایم جی ریلائنس نے آگاہ کیا ہے کہ وہ پی ایس ایل 2019ء کے بقیہ میچز میں ہمارے پارٹنر نہیں ہوں گے اور پی سی بی جملہ حقوق محفوظ رکھتا ہے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہمیشہ ہنگامی پلان رکھتا ہے اور ہم پراعتماد ہیں کہ رسمی کارروائی کے بعد پیر کو نئے پارٹنر کے اعلان کی پوزیشن میں ہوں گے۔

منیجنگ ڈائریکٹر کا مزید کہنا ہے کہ پی سی بی کو حالیہ پیش رفت پر انتہائی مایوسی ہوئی ہے اور ہمیشہ یہ یقین رہا ہے کہ کھیل اور سیاست کو ایک دوسرے سے الک رکھنا چاہئے، تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ کھیل خصوصاً کرکٹ نے ملکوں اور عوام کے درمیان ہمیشہ پل کا کردار ادا کیا ہے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی ڈیجیٹل کوریج بلاک کرکے بھارتی کرکٹ شائقین کو پی ایس ایل دیکھنے کے حق سے محروم رکھنا اور تاریخی کرکٹ کلبس اور مقامات سے سابق پاکستان کرکٹ کپتان اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر لیجنڈری کرکٹرز کے پورٹریٹس کو چُھپانا یا ہٹانا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ پی سی بی ان واقعات کو رواں ماہ دبئی میں آئی سی سی اجلاس اور بی سی سی آئی کے سامنے رکھے گا۔

XS
SM
MD
LG