رسائی کے لنکس

فلپائن: حکومت اور مسلمان باغیوں میں امن معاہدہ


امن معاہدے کی خوشی میں جمعرات کو منڈانو کے مختلف علاقوں میں ہزاروں مسلمانوں نے جلوس نکالے۔
امن معاہدے کی خوشی میں جمعرات کو منڈانو کے مختلف علاقوں میں ہزاروں مسلمانوں نے جلوس نکالے۔

فلپائن کی حکومت اور مسلمان باغیوں کے درمیان گزشتہ 17 برسوں سے امن مذاکرات جاری تھے اور 2001ء سے ملائیشیا کی حکومت ان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر رہی تھی۔

فلپائن کی حکومت اور ملک میں سرگرم مسلمان باغیوں کی سب سے بڑی تنظیم کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا ہے ۔

معاہدے کے تحت 'مورو اسلامک لبریشن فرنٹ' کے جنگجو مسلح جدوجہد ترک کرکے ہتھیار ڈال دیں گے جب کہ فلپائن کی حکومت ملک کے مسلمان اکثریتی جنوبی صوبے کو نیم خودمختاری دے گی۔

جمعرات کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں فلپائن کی حکومت اور 'ایم آئی ایل ایف' کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں فلپائن کے صدر بینجنو اکینو اور ملائیشیا کے وزیرِاعظم نجیب رزاق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

خیال رہے کہ فلپائن کی حکومت اور مسلمان باغیوں کے درمیان گزشتہ 17 برسوں سے امن مذاکرات جاری تھے اور 2001ء سے ملائیشیا کی حکومت ان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر رہی تھی۔

امن معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں منیلا میں تعینات غیر ملکی سفارت کاروں، اعلیٰ حکام، اراکینِ پارلیمان اور مسلمان رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

امکان ہے کہ امن معاہدے کے نتیجے میں مسلمان باغیوں کی 45 سال سے جاری مسلح مزاحمت کا خاتمہ ہوجائے گا جس میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

حتمی امن معاہدے میں فلپائن حکومت اور باغیوں کے درمیان ماضی میں ہونے والے تمام عبوری معاہدے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

امن معاہدے کے تحت نیم خود مختار مسلمان علاقے کی حکومت کو اپنے معاشی اور ثقافتی معاملات کا فیصلہ کرنے میں بڑی حد تک آزادی ہوگی۔

معاہدے کےتحت فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈانو کا نام تبدیل کرکے بنگسامارو رکھا جائے گا ۔ معاہدے میں نیم خود مختار صوبے کے قیام کے طریقہ کار، وفاق اور صوبے کے درمیان دولت کی تقسیم اور پولیس فورس کے قیام سے متعلق بھی تفصیلی شقیں موجود ہیں۔

معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے باغی گروپ کے سربراہ الحاج ابراہیم مراد نے اسے اپنی جدوجہد کی فتح قرار دیتے ہوئے مسلمان باغیوں کی دوسری تنظیموں – بشمول 'مورو نیشنل لبریشن فرنٹ' – کو بھی معاہدے کا حصہ بننے کی دعوت دی۔

خیال رہے کہ 'مورو نیشنل لبریشن فرنٹ' کے رہنما امن معاہدے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

امن معاہدے کی خوشی میں جمعرات کو منڈانو کے مختلف علاقوں میں ہزاروں مسلمانوں نے جلوس نکالے اور خوشیاں منائیں۔ فلپائن کے صدر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ ہر صورت معاہدے پر عمل درآمد کرکے اپنی قوم کو امن دلائیں گے۔
XS
SM
MD
LG