رسائی کے لنکس

فلپائن: طوفان سے کم از کم 10 افراد ہلاک


عہدیداروں کے مطابق دارالحکومت منیلا میں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔

فلپائن کے شمال میں سمندری طوفان 'راماسن' کے باعث 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ تیز ہوائیں چلنے اور بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

طوفان کے باعث لگ بھگ تین لاکھ ستر ہزار سے زائد افراد علاقے چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق بدھ کو سمندری طوفان کے باعث گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں اور درخت گر گئے۔

عہدیداروں کے مطابق دارالحکومت منیلا میں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ بارش اور تیز ہواؤں کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی ہے۔

کچھ لوگوں کی ہلاکت درخت اور بجلی کے پول گرنے سے ہوئی جب کہ لیوسینا شہر میں دیوار گرنے سے تین افراد ہلاک ہوئے۔ بعض لوگ اب بھی لاپتا ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

طوفان سے قبل ہی فلپائن کے شمال مشرق سے ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر نکل گئے تھے۔

انتظامیہ نے سیلابوں اور زمینی تودے گرنے کے باعث علاقہ چھوڑنے والے لوگوں کو خصوصی مراکز میں منتقل کرنے کا کام شروع کر دیا۔

ملک میں درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں جب کہ اسکول اور تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔ بحری راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں، جس سے کشتیوں کے ذریعے سفر کرنے والے سینکڑوں افراد پھنس گئے۔

فلپائن میں ہر سال 20 بڑے طوفان آتے ہیں۔ گزشتہ سال آنے والے طوفان 'ہائین' سے ہونے والی تباہی کے بعد بحالی کا کام اب بھی جاری ہے۔ طوفان 'ہائین' سے کم از کم 6300 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG