رسائی کے لنکس

بیشتر امریکی شہری چینی معیشت سے مرعوب ہیں: سروے


دورہ امریکہ: چینی نائب صدر ژی شین پنگ اور ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بینرکی ملاقات
دورہ امریکہ: چینی نائب صدر ژی شین پنگ اور ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بینرکی ملاقات

امریکی ادارے 'گیلپ' کی جانب سے کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق 53 فی صد امریکی باشندے چین کو امریکہ سے بڑی معاشی قوت تصور کرتے ہیں جب کہ صرف 33 فی صد اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ دراصل ان کا ملک دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے

رائےعامہ کے ایک حالیہ جائزے سے ظاہر ہوتا ہےکہ امریکی عوام کی اکثریت اپنی اقتصادی قوت سے ناواقف ہے اور چین کو دنیا کی سب سے بڑی معیشت سمجھتی ہے۔

امریکی ادارے 'گیلپ' کی جانب سے کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق 53 فی صد امریکی باشندے چین کو امریکہ سے بڑی معاشی قوت تصور کرتے ہیں، جب کہ صرف 33 فی صد اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ دراصل ان کا ملک دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے۔

حالیہ جائزہ چین کے نائب صدر ژی شین پنگ کےدورہ امریکہ کی تکمیل کے موقع پر سامنے آیا ہے۔

جائزے سے ظاہر ہوتا ہے گزشتہ ایک دہائی میں چین کے بارے میں امریکی باشندوں کے خیالات میں ڈرامائی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔ سنہ 2000 میں کیے گئے ایسے ہی ایک سروے کے دوران میں صرف 10 فی صد امریکی شہریوں نے چین کو دنیا کی سب سے بڑی معیشت قرار دیا تھا۔

'وائس آف امریکہ' کی جانب سے چین کے بارے میں واشنگٹن کی سڑکوں پر کیے گئے ایک عوامی جائزے سے بھی 'گیلپ سروے' کے نتائج کی تصدیق ہوتی ہے۔

لیکن حقیقت یہ ہے امریکہ اب بھی دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے جس کی کل سالانہ پیداوار (جی ڈی پی) 146 کھرب ڈالرز کے لگ بھگ ہے۔ اس کے مقابلے میں چین کی داخلی پیداوار نصف سے بھی کم ہے جو عالمی بینک کے مطابق 59 کھرب ڈالرز کے ساتھ دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے۔

تاہم، معاشی اعشاریوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ چینی معیشت آئندہ چند دہائیوں میں امریکی معیشت سے آگے نکل جائے گی اور غالباً یہی وجہ ہے معاشی بحران کا سامنا کرنے والے امریکی باشندوں کی اکثریت چین کی معاشی طاقت کے بارے میں خوش فہمی کا شکار ہے۔

'گیلپ' کےجائزے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں چین کے ایک برترمعاشی قوت ہونے کا گمان 2008ء کے اقتصادی بحران کے بعد قوی ہونا شروع ہوا ہے۔

جائزے میں کہا گیا ہے کہ امریکی معیشت کی بحالی کی صورت میں امریکی باشندوں کی خود اعتمادی بھی بحال ہوسکتی ہے اور چین کے برتر معاشی طاقت ہونے کا تاثر زائل ہوسکتا ہے۔

یہ امر دلچسپی کا باعث ہے کہ خود چینی باشندے اپنی معاشی طاقت کے بارے میں اتنے خوش گمان نہیں ہیں۔

رواں ہفتے چین کی حکمران جماعت 'کمیونسٹ پارٹی' کے انگریزی روزنامے'گلوبل ٹائمز‘ میں شائع ہونے والے ایک اداریے میں ایک حالیہ جائزے کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ صرف 14 فی صد چینی باشندے سمجھتے ہیں کہ ان کا ملک ایک عالمی طاقت بن چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG