رسائی کے لنکس

امریکی وزیر خارجہ پانچ سے بارہ جولائی تک کئی ملکوں کا دورہ کریں گے


امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو، فائل فوٹو
امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو، فائل فوٹو

امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو 5 جولائی سے 12 جولائی تک پیانگ یانگ۔ ٹوکیو، ہنوئی، ابوظہبی اور برسلز کا دورہ کریں گے۔

وزیر خارجہ پومپیو پانچ سے سات جولائی تک پیانگ یانگ میں ہوں گے جہاں وہ صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے چیئرمین کے ساتھ سنگاپور میں ہونے والی ملاقات میں طے پانے والے أمور پر پیش رفت کے حوالے سے صلاح مشورے جاری رکھیں گے۔

وزیر خارجہ سات اور آٹھ جولائی کو ٹوکیو میں ہوں گے جہاں وہ جاپان اور جنوبی کوریا کے راہنماؤں سے باہمی اور علاقائی أمور اور کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

سیکرٹری پومپیو آٹھ اور نو جولائی کو ہنوئی کے اپنے دورے میں ویت نام کے عہدے داروں سے دو طرفہ اور علاقائی مسائل پر بات چیت کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ نو اور 10 جولائی کو أبو ظہبی میں ہوں گے جہاں وہ متحدہ عرب امارات کے عہدے داروں سے شراکت داری، اقتصادی ترجیحات اور سیکیورٹی أمور پر گفتگو گریں گے۔

اپنے دورے کےآخری مرحلے میں وہ 10 اور 12 جولائی کو برسلز میں ہوں گے جہاں وہ دہشت گردی کے خلاف نیٹو کی کوششوں کو تقویت دینے، دفاعی اخراجات اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافوں پر بات چیت کریں گے ۔ وہ امریکہ اور یورپی یونین کی توانائی کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور داعش کو شکست دینے سے متعلق نیٹو کے عالمی اتحاد کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے شریک میزبان ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG