رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ فٹبال: پرتگال نے مراکش کو ایک گول سے ہرا دیا


ورلڈ کپ فٹبال 2018ء میں گروپ ’بی‘ کے ایک میچ میں پرتگال نے مراکش کو ایک گول سے شکست دے دی۔ میچ کا واحد گول رونالڈو نے کیا۔

ایونٹ کے 18ویں میچ کا آغاز برق رفتاری سے ہوا اور پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے میچ کے چوتھے ہی منٹ پر ہیڈر پر شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی، ایونٹ میں یہ رونالڈو کا مسلسل چوتھا گول ہے۔

اس گول کے ساتھ ہی رونالڈو نے انٹرنیشنل میچز میں اپنے 85 گول مکمل کر لئے ہیں جو فٹبال کی تاریخ میں کسی بھی یورپین پلیئر کے سب سے زیادہ گول ہیں۔

اسپین کے خلاف پہلے میچ میں رونالڈو نے مسلسل تین گول کرکے ورلڈ کپ 2018ء کی پہلی ہیٹ ٹرک کی تھی، میچ کے آخری لمحات میں رونالڈو کے شاندار گول کے باعث میچ تین۔تین سے برابر رہا تھا۔

میچ کے آغاز ہی میں ایک گول کے خسارے میں جانے کے باوجود مراکش کی ٹیم نے حریف پرتگال کے گول پر کئی حملے کئے۔ لیکن، مضبوط دفاع کے باعث گول اسکور کرنے میں کامیابی نہ مل سکی اور پہلے ہاف کا اختتام پرتگال کی برتری کے ساتھ ہوا۔

دوسرے ہاف میں مراکش کی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور کئی شاندار مووز بنائیں لیکن بدقسمتی سے کوئی گول نہ ہوسکاجبکہ میچ کے 57فیصد وقت بال مراکشی کھلاڑیوں کے قبضے میں رہی۔

مراکش کی ٹیم نے ایک کے بعد ایک کئی متبادل کھلاڑی بھی آزمائے۔ لیکن، ہر حکمت عملی ناکام رہی اور پرتگال نے ایک گول سے میچ اپنے نام کرکے تین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلئے۔

گروپ ’بی‘ میں پرتگال دو میچ کھیل کر 4پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، ایران نے ایک میچ کھیلا ہے اور اُس کے تین پوائنٹس ہیںجبکہ اسپین کا ایک پوائنٹ ہے، مراکش کی ٹیم دو میچ کھیل کر کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی۔

XS
SM
MD
LG