رسائی کے لنکس

حکومت تبدیلی کی مبینہ سازش: صدر علوی کا جوڈیشل کمیشن کے لیے چیف جسٹس کو خط


صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی (فائل فوٹو)
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی (فائل فوٹو)

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عمران خان کی حکومت کو ہٹانے میں مبینہ غیر ملکی سازش کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔ صدرِ مملکت نے چیف جسٹس سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی عدالتی تحقیقات کرائیں اور کمیشن کی سربراہی ترجیحاً خود کریں۔

صدرِ مملکت کے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں بھی خط کی کاپی شیئر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سیاسی افراتفری کے دور میں ضروری ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت گرانے کے لیے مبینہ سازش کی تحقیقات کی جائیں۔

عارف علوی کا خط میں مزید کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نے اُنہیں خط لکھ کر حکومت کی تبدیلی میں غیر ملکی سازش کا ذکر کیا۔ اس حوالے سے سات مارچ کو پاکستان میں امریکی سفیر کی جانب سے بھجوائے گئے سائفر کا تذکرہ ہے جو حکومتِ پاکستان کو بھجوایا گیا اور اس کی ایک نقل چیف جسٹس کے پاس بھی ہے۔

صدر مملکت نے چیف جسٹس کے نام خط میں دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے یہ مراسلہ پڑھا ہے جس میں امریکی معاون وزیرِ خارجہ ڈونلڈ لو امریکہ میں پاکستانی سفیر سے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف آنے والی تحریکِ عدم اعتماد کا ذکر کر رہے ہیں۔

صدر کے بقول پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے دو اجلاسوں میں اسے پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت قرار دیا گیا جب کہ حکومت پاکستان نے پاکستان میں امریکی سفارت کار کو بلا کر ڈی مارش بھی کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خط میں مزید کہا کہ مراسلے میں غیر سفارتی زبان استعمال کی گئی اور سابق وزیرِ اعظم بھی اسے دھمکی قرار دیتے ہیں۔

صدرِ مملکت نے خط میں کہا ہے کہ موجودہ صورتِ حال میں یہ ضروری ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ اعظم بھی اس معاملے کی تحقیقات کا عندیہ دے چکے ہیں۔

صدر عارف علوی نے 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کا بھی حوالہ دیا جس کی سربراہی اس وقت کے چیف جسٹس ناصر الملک نے کی تھی۔

صدر نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ قومی غیرت اور خود مختاری کے اس معاملے کی تحقیقات بھی چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں بننے والا جوڈیشل کمیشن کرے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسے کے دوران ایک خط لہراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کی حکومت گرانے کے لیے سازش کی جا رہی ہے اور تحریکِ عدم اعتماد اسی سازش کا حصہ ہے۔

بعدازاں عمران خان نے امریکہ کا نام لے لیا تھا اور کہا تھا کہ امریکی ایما پر اُن کی حکومت گرائی گئی اور موجودہ حکمران اس سازش کا حصہ بنے۔

امریکی عہدے دار کئی مواقع پر عمران خان کے ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG