رسائی کے لنکس

پومپیو کا صدر غنی کو فون، 'معاہدے پر اتفاق کی کوششیں تیز کی جائیں'


امریکی وزیر خارجہ، مائیک پومپیو نے ٹیلی فون پر افغان صدر اشرف غنی سے گفتگو کی ہے؛ اور اس بات سے اتفاق کیا کہ ’’اب وقت آگیا ہے کہ بات چیت کے ذریعے معاہدہ طے کرنے کی کوششیں تیز کی جائیں تاکہ افغانستان میں لڑائی ختم کی جا سکے‘‘۔

یہ بات ٹیلیفون گفتگو کے بعد جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہی گئی ہے۔

مشترکہ بیان کے مطابق، پومپیو نے صدر غنی کو یقین دلایا کہ صدر ٹرمپ کی جنوبی ایشیا کی حکمتِ عملی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جس میں انخلا سے متعلق شرائط پر مبنی امریکی ذمہ داری شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے صدر اشرف غنی کو مطلع کیا کہ امن کی راہ میں درکار اگلے تفصیلی اقدامات کو زیر غور لانے لیے انھوں نے جوائنٹ چیفز آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل جوزف ڈنفرڈ اور نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد کو کابل بھیجا ہے۔

صدر اشرف غنی نے امریکی وزیر خارجہ کی ٹیلیفون پر گفتگو اور امریکی مہمانوں کی آمد کا خیر مقدم کیا۔

افغان صدر نے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم سے اتفاق کیا تاکہ مستحکم، پرامن اور جمہوری افغانستان کا حصول ممکن بنایا جائے، جو دہشت گردی کا مرکز نہ ہو۔

XS
SM
MD
LG