رسائی کے لنکس

امریکہ میں منایا جانے والا 'پریذیڈنٹس ڈے' کیا ہے؟


ہر سال فروری کے تیسرے پیر کو امریکہ میں پریذیڈنٹس ڈے منایا جاتا ہے۔
ہر سال فروری کے تیسرے پیر کو امریکہ میں پریذیڈنٹس ڈے منایا جاتا ہے۔

امریکہ میں آج 'پریزیڈنٹس ڈے منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔

امریکہ کے سابق صدور سے منسوب یہ دن ہر سال فروری کے تیسرے پیر کو منایا جاتا ہے اور ہر سال ملک بھر میں اس دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔

یہ دن امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن اور خانہ جنگی کے دور میں ملک کی قیادت کرنے والے سابق صدر ابراہم لنکن کی پیدائش کی مناسبت سے ماہِ فروری میں منایا جاتا ہے۔

ہفتے اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیوں کے بعد پیر کو آنے والی اس عام تعطیل کی وجہ سے امریکیوں کو 'لانگ ویک اینڈ' مل جاتا ہے۔ لیکن چوں کہ یہ تعطیل سرد موسم میں آتی ہے لہذا گرمیوں میں آنے والی عام تعطیلات کی طرح اس چھٹی پر امریکی شہری آؤٹ ڈور پکنکس یا بار بی کیو پارٹیز کا زیادہ اہتمام نہیں کرتے۔

اس کے برعکس امریکہ بھر میں کار شورومز اور مختلف اسٹورز خاص سیلز آفر کرتے ہیں جس کے باعث خریداری عروج پر ہوتی ہے۔

امریکہ کے موجودہ صدر جو بائیڈن
امریکہ کے موجودہ صدر جو بائیڈن

'پریذیڈنٹس ڈے' کی تعطیل کا آغاز کب ہوا؟

ابتداً ہر سال امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن کی سالگرہ کے روز کی 22 فروری کو 'واشنگٹن ڈے' منایا جاتا تھا۔

امریکی کانگریس نے 1968 میں اس روز وفاقی تعطیل کا فیصلہ کیا اور اس تعطیل کو ہر سال فروری کے تیسرے پیر کو منانے کا فیصلہ کیا تاکہ امریکی شہریوں کو 'لانگ ویک اینڈ' مل سکے۔

اس دوران بعض حلقوں نے تجویز دی کہ سابق صدر ابراہم لنکن کی سالگرہ بھی 12 فروری کو ہوتی ہے۔ لہذٰا اسے بھی شامل کر کے اس دن کو 'واشنگٹن ڈے' کے بجائے 'پریذیڈنٹس ڈے​' کر دیا جائے۔ تاہم کانگریس نے اس تجویز کو رد کر دیا اور سرکاری سطح پر یہ اب بھی 'واشنگٹن ڈے' ہی کہلاتا ہے۔ البتہ عوامی سطح پر یہ دن 'پریذیڈنٹس ڈے​' کے طور پر مشہور ہو گیا ہے۔

امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن
امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن

اس سال خاص کیا ہے؟

کرونا کی جاری وبا کی وجہ سے اس سال بھی 'پریذیڈنٹس ڈے​' کی تقریبات پھیکی پھیکی رہیں گی۔ البتہ اس دن کی مناسبت سے بوسٹن کا ایک نیلام گھر سابق صدور کے زیرِ استعمال رہنے والی اشیا اور اُن کی یاد داشتوں کی آن لائن نیلامی کر رہا ہے۔

اس نیلامی میں لگ بھگ 300 اشیا رکھی گئی ہیں جن میں سابق صدر جان ایف کینیڈی کا ایک سوئٹر اور سابق صدر ابراہم لنکن کی ایک دستخط شدہ تصویر بھی شامل ہے۔

نیلامی میں سابق صدور جان کوئنسی ایڈمز، جیمز میڈیسن اور یولیسس ایس گرینٹ کی بعض دستاویزات بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG