رسائی کے لنکس

logo-print

میکسیکو: پرائیویٹ طیارہ گرنے سے 14 افراد ہلاک


پرائیویٹ جیٹ طیارے کا ملبہ میکسیکو کے ایک ویران مقام پر بکھرا پڑا ہے۔ طیارہ طوفان میں پھنسنے سے اپنا کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔ 6 مئی 2019

امریکی شہر لاس ویگاس سے میکسیکو کے شمالی شہر مونٹری جاتے ہوئے لاپتا ہونے والے طیارے کا کھوج مل گیا ہے۔

پیر کے روز میکسیکو کے عہدے داروں نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں طیارے کا ملبہ مل گیا ہے اور طیارے پر سوار تمام 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

میکسیکو کے اخبار ’ریفارما‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والے بدقسمت پرائیویٹ طیارے پر 11 مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کے ملبے کی نشاندہی فضائی تلاش کے دوران ہوئی۔ طیارے کا ملبہ شمالی شہر مونکلوا سے تقریباً 129 میل کے فاصلے پر دیکھا گیا۔

رائیٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورت حال میں خدمات فراہم کرنے والے محکمے کے ایک عہدے دار فرنینڈو اورٹا نے بتایا کہ طیارہ گرنے کی جگہ کی نشاندہی ہو چکی ہے تاہم امدادی عملہ ابھی تک وہاں نہیں پہنچ سکا ہے۔

مقامی ٹیلی وژن میں دکھائی جانے والی ایک تصویر میں طیارے کے جلے ہوئے ٹکڑے بکھرے دکھائی دے رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پائلٹ طیارے کو طوفان سے باہر نکالنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا جس کے بعد دو انجن کے چھوٹے جہاز کا رابطہ کنڑول ٹاور سے کٹ گیا تھا۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG