رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان: فاتح ٹیم کو کتنی رقم ملے گی؟


آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 16 اکتوبر سے ہو رہا ہے، جس کا فائنل 13 نومبر کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلا جائے گا۔(فائل فوٹو)
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 16 اکتوبر سے ہو رہا ہے، جس کا فائنل 13 نومبر کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلا جائے گا۔(فائل فوٹو)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نےمینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کی انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے۔ جس کے مطابق ایونٹ میں مجموعی طور پر 56 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 16 اکتوبر سے ہو رہا ہے، جس کا فائنل 13 نومبر کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلا جائے گا۔

اس ایونٹ کی فاتح ٹیم کے لیے آئی سی سی کی جانب سے 16 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، جسے اگر پاکستانی روپے میں دیکھا جائے تو یہ 36 کروڑ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔ ایونٹ کی رنرز اپ یعنی فائنل ہارنے والی ٹیم کو آٹھ لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

لگ بھگ ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کی سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں میں بھی چار، چار لاکھ ڈالرز تقسیم کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ایونٹ کے سپر12 مرحلے سے باہر ہونے والی آٹھ ٹیموں میں سے ہر ایک کو 70 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔ اسی طرح سپر 12 مرحلے میں 30 مقابلے ہوں گے، جس میں ہر میچ جیتنے والی ٹیم کو 40 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی 16 ٹیموں میں سے آٹھ ٹیمیں پہلے ہی سپر 12 مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔ ان ٹیموں میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بھارت، پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

البتہ جو دیگر آٹھ ٹیمیں ہیں انہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ 'اے' میں نمیبیا، سری لنکا، نیدرلینڈز اور یو اے ای شامل ہیں جب کہ گروپ 'بی' میں ویسٹ انڈیز، اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ اور زمبابوے شامل ہیں۔

یہ تمام ٹیمیں پہلے راؤنڈ میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل آئیں گے اور پہلے راؤنڈ میں ہر میچ جیتنے پر ٹیم کو 40 ہزار ڈالر تقسیم کیے جائیں گے۔یہی نہیں پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے والی چار ٹیموں میں سے ہر ٹیم کو 40 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 16 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک پہلے راؤنڈ میں موجود ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی جب کہ سپر 12 مرحلے کا آغاز 22 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔

ایونٹ کا سب سے زیادہ اعصاب شکن میچ 23 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میلبرن میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG