رسائی کے لنکس

بمراہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر، 'پنڈی بوائے نے ایک برس قبل جو کہا وہی ہوا'


بھارتی کرکٹ ٹیم کی پیس بیٹری کے اہم بالر جسپریت بمراہ انجری کے باعث آئندہ ماہ آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ماہرین اسے بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے بڑا دھچکہ قرار دے رہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے جمعے کو تصدیق کی کہ بمراہ کی جگہ فاسٹ بالر محمد سراج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

بمراہ کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر بھارت میں کرکٹ شائقین مایوس ہیں جب کہ کرکٹ پنڈت بھی بمراہ کی غیر موجودگی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ مہم پر سوال اُٹھا رہے ہیں۔

بمراہ کمر کی تکلیف کے باعث ایشیا کپ میں بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ لیکن آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں اُنہوں نے دو میچز میں حصہ لیا تھا۔

آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں اُنہوں نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں اُن کی کارکردگی ناقص رہی تھی اور اُنہوں نے چار اوورز میں 50 رنز دیے تھے۔

کمر میں تکلیف کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کا پہلا میچ بھی بمراہ نہیں کھیل سکے تھے۔ 28 ستمبر کو میچ سے قبل بی سی سی آئی نے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ پریکٹس سیشن میں بمراہ نے کمر میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔

بھارتی اسکواڈ سے بمراہ کے باہر ہونے پر معروف کمنٹیٹر ہارشا بھوگلے کہتے ہیں کہ بلاشبہ بمراہ کی غیر موجودگی سے بھارتی ٹیم کمزور ہوئی ہےاور بمراہ بھی یقیناً بہت مایوس ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بمراہ کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے کو اسے ایک موقع کے طور پر دیکھ کر اس سے بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہیے۔

مڈل آرڈر بیٹنگ اور اسپن کا جادو جگانے والے بھارتی آل راؤنڈر روریند جڈیجہ پہلے ہی بھارت کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہو چکے ہیں۔

مفدل وہڑا نامی صارف لکھتے ہیں کہ جسپریت بمراہ اور رویندر جڈیجہ کے ٹیم میں نہ ہونے سے آسٹریلیا میں بھارت کی ورلڈ کپ مہم پر بہت اثر پڑے گا۔

سوشل میڈیا صارفین پاکستانی اسٹار شعیب اختر کے ایک سال پرانے انٹرویو کا بھی حوالہ دے رہے ہیں جس میں اُن کا کہنا تھا کہ بمراہ کے منفرد بالنگ ایکشن کی وجہ سے اُن کے انجرڈ ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

ایک صارف اُسامہ ظفر نے راولپنڈی ایکسپریس کے اس انٹرویو کا وہ حصہ شیئر کیا اور کہا کہ 'پنڈی بوائے نے ایک برس قبل جو نکتہ اُٹھایا وہ درست ثابت ہوا۔

بھارتی صحافی وکرانت گپتا کو دیے گئے انٹرویو میں شعیب اختر کہہ رہے ہیں کہ بمراہ کے منفرد بالنگ اسٹائل سے اُن کی کمر پر دباؤ پڑتا ہے اور اگر اُنہیں زیادہ میچز کھلائے گئے تو وہ کمر کی انجری کا شکار ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے جسپریت بمراہ نے جنوری 2016 میں بھارتی کرکٹ ٹیم میں ڈیبیو کیا تھا۔ جنوری 2016 میں آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں کھیلی گئی سیریز میں بمراہ کو انجرڈ محمد شامی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور اُنہوں نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا۔ اُنہوں نے سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں اور بھارت نے آسٹریلیا کو تین، صفر سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کیا۔

بمراہ اب تک بھارت کے لیے 30 ٹیسٹ، 72 ون ڈے اور 60 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ ٹیسٹ میچز میں اُن کی وکٹوں کی تعداد 130، ایک روزہ میچز میں 121 جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں وہ 70 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG