رسائی کے لنکس

کرکٹرز کے بعد اب عالمی شہرت یافتہ ریسلرز پاکستان آئیں گے


ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق اسٹارز سمیت یہ ریسلرز کراچی، لاہور اوراسلام آباد میں ہونے والے ریسلنگ کے مقابلوں میں مخالف پہلوانوں سے پنجہ آزمائی کریں گے۔

’پرو ریسلنگ‘ یہ لفظ بہت سوں کے لئے نیا نہیں ہوگا، شاید آپ بھی اس سے واقف ہوں۔ جو لوگ نام سے واقف نہیں انہوں نے ’’پرو ریسلنگ‘‘ کشتی لڑتے لوگوں کو اپنی ٹی وی اسکرینز پر ضرور دیکھا ہوگا۔

دنیا کے بیشتر ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی پروریسلنگ کو پسندکرنے والے بڑی تعداد میں موجودہیں۔

ریسلنگ کے انہی شائقین کے لئے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ انیس ممالک سے تعلق رکھنے والے 25 عالمی شہرت یافتہ ریسلرز مئی میں پاکستان آرہے ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق اسٹارز سمیت یہ ریسلرز کراچی، لاہوراوراسلام آباد میں ہونے والے ریسلنگ کے مقابلوں میں مخالف پہلوانوں سے زور آزمائی کریں گے۔

ریسلنگ کے ان مقابلوں کا اہتمام ’پرو ریسلنگ انٹرٹینمنٹ‘نے کیا ہے۔

کراچی میں ہونے والی پری لانچ تقریب میں ویڈیو فوٹیج کے ذریعے ان انٹرنیشنل ریسلرز نے پاکستان آنے کے بارے میں بہت پرجوش انداز میں اپنے جذبات کا اظہارکیا۔

فرانس میں مقیم پاکستانی نژاد ریسلر بادشاہ خان ،ٹائنی آئرن،یاسین عثمانی اور یورپ کے ریسلنگ لیجنڈ فلیش گورڈن پی ڈبیلو ای کے سی ای او سید عاصم علی شاہ کے ساتھ تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر وی او اے سمیت دیگر نمائندوں سے تبادلہ خیال میں بادشاہ خان کا کہنا تھا ’’ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی میں پرو ریسلنگ کے مستقبل بہت روشن ہے۔ یہاں پرو ریسلنگ کی مانگ بھی ہے اور اس کے شائقین بھی۔ ہم اب پروفیشنل ریسلرز کو پاکستان لا رہے ہیں۔‘‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’پروموٹرز نے تین شوز کا اہتمام کیا ہے جن میں سے پہلا شو مئی میں ہو گا جس میں عالمی ریسلر پرفارم کریں گے۔ اس کے بعد نوجوان پاکستانی ریسلرز کی ٹریننگ کے لئے ایک اکیڈمی کھولنے کا بھی منصوبہ ہے۔‘‘

نمائندوں سے گفتگو میں ٹائنی آئرن نے کہا کہ ’میں پہلے سے ہی اپنے آپ کو پاکستانی کمیونٹی کا حصہ تصور کرتا ہوں۔ اور کھلی بانہوں کے ساتھ استقبال کرنے پر شکر گزار ہوں۔‘

گورڈن کاکہنا تھا کہ ’’میں 40 سال سے یورپ میں پروفیشنل ریسلنگ کو پروموٹ کر رہا ہوں ،اب پاکستان میں یہ کام کروں گا تو اس کی خوشی دوگنی ہے۔’

بادشاہ خان نے مزید کہا ’ انٹرنیشنل ریسلرز کی پرفارمنس صرف امیروں کے لئے نہیں ہوگی بلکہ امیر ،ٖغریب، بوڑھے اور نوجوان سب اس کا لطف اٹھاسکیں گے۔ ہم دس فیصد ٹکٹس آڈینز میں مفت تقسیم کریں گے۔‘

XS
SM
MD
LG