رسائی کے لنکس

اسلام آباد دھرنا، مظاہرین کا فوٹو گرافرز پر تشدد


دونوں فوٹو گرافرز دھرنے میں شامل ایک گروپ کی طرف سے پولیس اہلکاروں پر ہونے والے ایک حملے کی تصاویر بنا رہے تھے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری بعض مذہبی جماعتوں کے دھرنے میں شریک کچھ افراد کی طرف سے مقامی اخبارات سے منسلک دو فوٹو گرافرز سے ناروا سلوک اور مار پٹائی کے واقعے کی صحافی برادری نے شدید مذمت کی ہے۔

فیض آباد کے مقام پر گزشتہ ڈھائی ہفتے سے جاری دھرنے میں شریک بعض افراد نے بدھ کو روزنامہ ڈان کے محمد عاصم اور روزنامہ جنگ کے جہانگیر چودھری کو مارا پیٹا اور ان کے کیمرے چھین لیے تھے۔

یہ دونوں فوٹو گرافرز دھرنے میں شامل ایک گروپ کی طرف سے پولیس اہلکاروں پر ہونے والے ایک حملے کی تصاویر بنا رہے تھے۔

تصاویر بنانے پر پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے افراد مشتعل ہو گئے اور انہوں نے دونوں فوٹو گرافروں کو مارنا پیٹنا شرو ع کر دیا اور ان سے کیمرے بھی چھین لیے جو بعد ازاں دھرنے میں شامل بعض افراد کی مداخلت پر واپس کر دیے گئے۔ تاہم کیمروں میں موجود تصاویر کو ضائع کر دیا گیا۔

راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کے صدر مبارک زیب خان نے ایک بیان میں اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی فوٹو گرافرز کے ساتھ روا رکھے جانے والا یہ طرزِ عمل کسی طور قابلِ قبول نہیں۔

مبارک زیب نے حکومت سے اس واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس طرح کا کوئی واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے اور پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران صحافیوں سے ناروا سلوک نہ روا رکھا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دھرنے میں شریک بعض افراد کی طرف سے بعض نجی ٹی وی چینلز کے نمائندوں کے ساتھ ناروا سلوک اور انہیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔

اسلام آباد اور راولینڈی کے جڑواں شہروں کے سنگم پر واقع فیض آباد کے مقام پر 'تحریکِ لبیک یا رسول اللہ' اور 'سنی تحریک' کے کارکن نومبر کے اوائل سے دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ختمِ نبوت کے حلف نامے میں مبینہ تبدیلی کے ذمہ دار افراد کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

حکومت کا موقف ہے کہ حلف نامے میں تبدیلی ایک کلیریکل غلطی تھی جسے پارلیمان نے درست کر کے حلف نامے کو اس کی اصل حالت میں بحال کر دیا ہے جس کے بعد دھرنے اور احتجاج کا کوئی جواز نہیں۔

XS
SM
MD
LG