رسائی کے لنکس

کوئٹہ کو شکست، اسلام آباد کی مسلسل چھٹی کامیابی


فہیم اشرف
فہیم اشرف

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 28ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی،جے پی ڈومینی نے 54رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ایونٹ میں یہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی مسلسل چھٹی کامیابی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 148رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے صرف 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہیں ہوا، صرف 19رنز پر شین واٹسن 8رنز کی اننگز کھیل کو پویلین لوٹ گئے۔

جیسن روئے بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 30 کے مجموعی اسکور پر 8رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم دباؤکا شکار نظر آئی اور پیٹرسن بھی صرف 7رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد میدان میں اُترے اور عمر امین کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔

دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 64رنز بنائے۔ لیکن عمر امین 28 رنز کی اننگز کھیل کر سرفراز کا ساتھ چھوڑ گئے۔

اگلے ہی اوور میں حسین طلعت نے سرفراز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سرفراز نے 30گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دوچھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43رنز بنائے۔

انور علی اور محمد نواز بالترتیب 2 اور ایک رن بناسکے۔ روسو 16 اور حسن خان 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ بیس اوور میں 7وکٹوں کے نقصان پر 147رنز بنائے۔

فہیم اشرف نے تین، عماد بٹ نے 2، جبکہ حسین طلعت اور سمیت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا، صرف 13 رنز پر رونکی کو راحت علی نے کلین بولڈ کردیا۔

ابتدائی نقصان کے باوجود، ڈومینی اور ہیلز نے حریف بولرز کو حاوی نہیں ہونے دیا اور اگلے پانچ اوورز میں 45رنز بناکر اسکور 58تک لے گئے۔

ہیلز 16رنز بناکر ڈومینی کا ساتھ چھوڑ گئےجبکہ شاداب خان بھی صرف 18 رنز بنا سکے۔

حسین طلعت نے ڈومینی کا بھرپور ساتھ دیا اور اسکور 129 رنز تک پہنچا دیا۔ ڈومینی 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

حسین طلعت نے 17 گیندوں پر 28 رنز اور آصف علی نے صرف 7 گیندوں پر 18 رنز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے 19ویں اوور کی دوسری گیند پر اسکور پورا کرلیا۔

راحت علی نے دو جبکہ میر حمزہ اور واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ14پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 10پوائنٹس ہیں، جبکہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے 9،9، پشاور زلمی کے 8 اور لاہور قلندرز کے 6 پوائنٹس ہیں۔

جمعے کو ایونٹ میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور سے ہوگا، جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG