رسائی کے لنکس

پشاور زلمی پی ایس ایل تھری کے فائنل میں پہنچ گئی


لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا پاکستان سپر لیگ کا دوسرا ایلیمینیٹر میچ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا گیا۔ بارش کے باعث مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ بیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔

آج کے میچ کی خاص بات قذافی اسٹیڈیم کو گزشتہ رات سے جاری اور تیز بارش کے باعث ہیلی کاپٹروں کی مدد سے خشک کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹر نے قذافی اسٹیڈیم سے پانی ختم کرنے میں خاص مدد دی، جس سے تماشائی بھی خوب محظوظ ہوئے۔ بارش کے باعث پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچ کو سولہ سولہ اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کرتے ہوئے پشاور زلمی لو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی جانب سے آندرے فلیچر اور کامران اکمل اوپن کرنے آئے اور 107 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

کامران اکمل نے پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری 17 گیندوں پر اسکور کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ کامران اکمل نے عثمان شنواری کے ایک اوور میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 25 رنز اسکور کیے۔

پشاور کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو 30 گیندوں پر 34 رنز بناکر روی بوپارا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد کامران اکمل بھی روی بوپارا کے ہی اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کامران اکمل نے 27 گیندوں پر 77 رنز بنائے جبکہ کپتان ڈیرن سیمی 12 گیندوں پر 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اس طرح زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے تین، ٹائمل ملز نے دو جبکہ عثمان شنواری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرے ایلیمینیٹر میں 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ تاہم، 16 اوورز کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بنا سکی۔ کراچی کنگز کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مختار احمد تھے جو ایک رن بناکر ثمین گل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

جس کے بعد بابر اعظم اور جو ڈینلی کے درمیان 117 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 63 جبکہ جو ڈینلی نے 46 گیندوں پر 79 رنز اسکور کیے۔

پشاور کی جانب سے حسن علی اور ثمین گل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بہترین اننگز کھیلنے پر کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل 25 مارچ کو پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے پی ایس ایل تھری کا پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا میچ دیکھا۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ایس ایل تھری کے موقع پر اسٹیڈیم کے اطراف کو رنگ برنگ برقی لائیٹوں سے سجایا تھا۔

XS
SM
MD
LG