رسائی کے لنکس

پنجاب میں اسموگ کی شدت میں کمی، اسکولوں کے اوقات بحال


فائل فوٹو

بدھ کو صوبے کے تمام نجی اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں پرانے نظام الاوقات بحال کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان کے بالائی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے بعد خاص طور پر صوبہ پنجاب میں فضائی آلودگی کے باعث پیدا ہونے والی دھند یعنی اسموگ کی شدت میں کمی آئی ہے، جس کے بعد تعلیمی اداروں کے معمول کے اوقات بحال کر دیے گئے ہیں۔

اسموگ کی شدت خاص طور پر صبح کے اوقات میں زیادہ ہوتی ہے جس کے باعث رواں ماہ کے اوائل میں پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں آٹھ بجے کے بجائے نو بجے شروع ہوں گی اور چھٹی بھی معمول سے پہلے ہی کر دی جائے گی۔

تاہم بدھ کو صوبے کے تمام نجی اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں پرانے نظام الاوقات بحال کر دیے گئے ہیں۔

گہری ’اسموگ‘ کے باعث نہ صرف حدِ نظر کافی کم ہو گئی تھی بلکہ اس آلودہ دھوئیں کے باعث خاص طور پر بچوں اور بڑی عمر کے افراد کے لیے صحت کے مسائل بھی پیدا ہو گئے تھے۔

اسموگ کے باعث رواں ماہ کے اوائل میں ملک میں پروازوں کے معمول بھی بری طرح متاثر ہوئے تھے۔

لاہور ہائی کورٹ نے اس صورتِ حال میں صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام سے یہ وضاحت بھی مانگی تھی کہ ’اسموگ‘ کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔

دریں اثنا پنجاب کے وزیراعلٰی شہباز شریف نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلٰی امریندر سنگھ کو ایک خط لکھا ہے جس میں ’اسموگ‘ اور آلودگی سے نمٹنے کے لیے ’’علاقائی تعاون کے معاہدے‘‘ کی پیشکش کی گئی ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG