رسائی کے لنکس

کوئٹہ میں افغان قونصل خانے کا اہلکار لاپتہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈی ائی جی کو ئٹہ پولیس فیاض سنبل نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محمد ہاشم کی بازیابی کے لیے کو ششیں شروع کر دی گئی ہیں۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں افغانستان کے قونصل خانے کا ایک افغان اہلکار لاپتہ ہو گیا ہے جس کی بازیابی کے لیے صوبائی پولیس کی کوششیں جاری ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاﺅن کے رہائشی صدیق اللہ نے مقامی پولیس تھانے میں ایک رپورٹ درج کرائی ہے کہ اس کے والد محمد ہاشم گزشتہ منگل کو اپنے گھر سے دفتر جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے، لیکن نا تو دفتر پہنچے اور نہ ہی گھر لوٹے۔

محمد ہاشم افغان قونصل خانے کی پاسپورٹ برانچ کے انچارج ہیں۔

کوئٹہ میں افغان قونصل جنرل حاجی غلام محمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ محمد ہاشم افغان شہری ہے اور وہ طویل عرصے سے پاکستان میں بطور افغان پناہ گزین مقیم تھا۔

حاجی غلام محمد نے بتایا کہ پیر کو اُن کی بلوچستان پولیس کے سربراہ سے ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں اُنھوں نے قونصل خانے کے اہلکار کی بازیابی کے سلسلے میں بات کی۔

ڈی ائی جی کو ئٹہ پولیس فیاض سنبل نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محمد ہاشم کی بازیابی کے لیے کو ششیں شروع کر دی گئی ہیں۔

بلوچستان میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کافی عرصے سے ہو رہی ہیں جن میں غیر ملکی امدادی تنظیموں کے اہلکاروں کے علاوہ مقامی ڈاکٹروں، وکلاء اور صوبے کی دیگر اہم شخصیات کو اغوا کیا گیا، تاہم ان میں سے بیشتر لوگ بھاری تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا ہو چکے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق بلوچستان میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث درجنوں گروہ سر گرم عمل ہیں ، صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ اغواءبرائے تاوان میں ملوث گروہوں کے خلاف کاروائی کے لیے پولیس کی ایک سریع الحرکت فورس تشکیل دی گئی ہے جو صوبے کے مختلف علاقوں میں ان گروہوں کے خلاف کاروائی کر رہی ہیں۔
XS
SM
MD
LG