رسائی کے لنکس

خاقان عباسی کو امریکی نائب صدر سے نہ ملنے کا مشورہ


پاکستان کی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔ فروری 2017
پاکستان کی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔ فروری 2017

پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مشورہ دیا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان سے نہیں مل رہے تو وہ بھی نائب امریکی صدر سے نہ ملیں۔

منگل کو سینیٹ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تضحیک کے مترادف ہے کہ صدر ٹرمپ وزیراعظم پاکستان سے نہ ملیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں آیا ہے کہ وزیراعظم نائب امریکی صدر مائیک پینس سے ملاقات کریں گے۔

سینیٹ کے اجلاس کے دوران چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خلاف اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان کے زمینی اور فضائی راستے سے امریکی سپلائی افغانستان جارہی ہے۔ اس صورت حال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے نہ ملنا پاکستان کی توہین ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ شاہد خاقان عباسی کو امریکی صدر کی بجائے نائب صدر سے ملاقات نہیں کرنی چاہیے۔ وزیر اعظم کو کہہ دینا چاہیے کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس وقت نہیں تو ہمارے پاس بھی ٹائم نہیں ہے۔ جبکہ امریکی صدر کی بجائے نائب صدر کی ملاقات پاکستان کی حیثیت کو کم کرنا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے جنیوا میں بلوچستان کے حوالے پوسٹرز آویزاں کرنے پر بھی حکومت سے وضاحت طلب کرلی۔

XS
SM
MD
LG