رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپ سیٹ، ویسٹ انڈیز کو شکست


افغانستان کے 157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 127 رنز بنائے۔
افغانستان کے 157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 127 رنز بنائے۔

افغانستان رحمٰن اللہ گرباز کے 52 گیندوں پر 79 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز کو تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ ہرانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ میچ جیتنے کے ساتھ ہی اس نے سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔

اتوار کو بھارت کے شہر لکھنؤ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا فائنل ٹاکرا ہوا جس میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 156 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے رحمن اللہ گرباز نے میدان کے چاروں جانب زبردست شارٹس لگائے اور 52 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور پانچ چھکے بھی شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز مسلسل ہدف حاصل کرنے کی کوششوں میں رہا لیکن افغانستان نے اس کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ نے 46 گیندوں پر 52 رنز بنائے جو سب سے بڑا اسکور رہا کیوں کہ باقی کھلاڑی خاطر خواہ اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنائے اور یوں اسے 29 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز ایون لوئس اور لینڈل سیمنز نے کیا جو زیادہ اچھا ثابت نہ ہوسکا۔ لینڈل مجیب الرحمٰن کی گگلی پر شارٹ لگانے کی کوشش میں صرف 7 رنز پر بولڈ ہوگئے۔

لوئس 24 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جب کہ برینڈن کنگ نوین الحق کی بالر کو نشانہ بنانے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔ وہ صرف ایک رن بناسکے۔

ویسٹ کی جانب سے نمایاں رنز بنانے والے کھلاڑی شائی ہوپ اور لوئس رہے جنہوں نے بالترتیب 52 اور 24 رنز بنائے۔

افغانسان کی جانب سے نوین الحق نے 3 جب کہ مجیب الرحمٰن، کریم جنت، گلبندین نائب اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کے آغاز پر کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اُن کا یہ فیصلہ اس وقت غلط ہوتا دکھائی دیا جب ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر شیلڈن کوٹریل نے تین اوور کے اختتام پر افغانستان کو 2 وکٹوں کے نقصان پر 12 رنز تک محدود کر دیا۔

پہلے ہی اوور میں حضرت اللہ زازئی نے نسبتاً کمزور شارٹ کھیلا تو کور پر کھڑے ہوئے کھلاڑی لیوئس نے انہیں کیچ کرلیا۔

افغانستان کو پہنچنے والا یہ پہلا نقصان تھا جبکہ اگلے ہی اوور میں کریم جنت بھی کیچ کرلئے گئے۔

گرباز ون ڈاؤن کھیلنے آئے مگر دو وکٹیں گرنے کے باوجود وہ پریشر میں نہیں آئے اور بے خوف ہو کر کوٹرل اور جیسن ہولڈر کا مقابلہ کرتے رہے۔ ان دونوں بالرز کو انہوں نے چوکوں اور چھکوں کی مدد سے آڑے ہاتھوں لیا اور 38 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت قائم کی۔

کھیلوں کی ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق گرباز اور اصغر افغان نے چوتھی وکٹ کے لیے صرف 6.1 اوورز میں 50 رنز کا اضافہ کیا۔ دوران بیٹنگ اصغر کا ایک کیچ بھی ڈراپ ہوا۔

انہوں نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنائے۔ انہیں پول نے برینڈن کنگ کے ہاتھوں کیچ کرایا جب کہ 17 ویں اوور میں گرباز کیرون پولارڈ کا شکار ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG