رسائی کے لنکس

ریال میڈرڈ نے ولا ریال کو ہرا کر لالیگا ٹائٹل اپنے نام کر لیا


ریال میڈرڈ نے اسپینش فٹ بال لیگ 'لالیگا' کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ ریال میڈرڈ 34 ویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

جمعرات کو میڈرڈ کے نواح میں کھیلے گئے میچ میں ریال میڈرڈ نے ولا ریال کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ ریال میڈرڈ کی جانب سے دونوں گول کریم بینزیما نے کیے۔

بینزیما نے کھیل کے 29 ویں منٹ میں پہلا گول پینلٹی کک کے ذریعے کیا جب کہ دوسرا گول اُنہوں نے کھیل کے 77 ویں منٹ میں کیا۔ ولاریئل کی جانب سے واحد گول وسینٹ ایبورا نے 83 ویں منٹ پر کیا۔

میچ کے دوران ریال میڈرڈ نے مارکو ایسیسنیو کے ذریعے تیسرا گول کیا لیکن اسے آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔

لالیگا میچز کے دوران سنسنی خیز مقابلے ہوئے۔ ان مقابلوں کے دوران ریال میڈرڈ نے اپنی روایتی حریف بارسلونا کو بھی شکست دی تھی۔

اسپینش فٹ بال لیگ 'لالیگا' کو یورپ کی بڑی فٹ بال لیگز میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس میں اسپین کے 20 کلبز کی ٹیمیں شریک ہوتی ہیں اور ہر ٹیم 38 میچ کھیلتی ہے۔

کرونا وبا کے باعث مارچ میں لیگ کے میچز دو ماہ کے لیے موخر کر دیے گئے تھے۔ گزشتہ ماہ یورپ میں وبا کا زور ٹوٹنے کے بعد لیگ میچز کا دوبارہ آغاز ہوا تھا۔

لیگ کے طریقہ کار کے مطابق جو ٹیم اتنے پوائنٹس حاصل کر کہ کوئی اور ٹیم اس سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی دوڑ سے باہر ہو جائے تو پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم کو فاتح قرار دیا جاتا ہے۔

ہر ٹیم 38،38 میچز کھیلتی ہے لیکن ریال میڈرڈ نے 37 میچز کھیل کر 86 پوائنٹس حاصل کیے جب کہ اس نے 26 میچز میں کامیابی حاصل کی، آٹھ برابر رہے جب کہ صرف تین میں اسے شکست ہوئی۔

دوسرے نمبر پر بارسلونا کی ٹیم ہے جس نے 37 میچز کھیل کر 79 پوائنٹس حاصل کیے۔

تجزیہ کار ریال میڈرڈ کی کامیابی کو اُن کے کوچ زنیڈین زیڈان کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔ زیڈان کی کوچنگ میں ریال میڈرڈ چار سالوں میں 11 ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔

کامیابی کے بعد زیڈان کا کہنا تھا کہ یہ اُن کی پیشہ ورانہ زندگی کے یادگار دنوں میں سے ایک ہے۔

XS
SM
MD
LG