رسائی کے لنکس

امریکی ہوائی اڈوں پر مسافروں سے ریکارڈ ہتھیار برآمد


ہوسٹن (فائل)
ہوسٹن (فائل)

ائرپورٹس پر فضائی مسافروں سے برآمد ہونے والا یہ اسلحہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 20 فیصد زائد تھا، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ برآمد کئے جانے والے ان ہتھیاروں کا 82 فیصد لوڈیڈ اسلحے پر مشتمل تھا

امریکی حکام نے گزشتہ سال کے دوران ریکارڈ تعداد میں ایسے فضائی مسافروں کو پکڑا جو لوڈیڈ اسلحہ لے کر جہاز پر سوار ہونے کی کوشش میں تھے۔

امریکہ کی ’ٹرانسپورٹیشن سیکورٹی ایڈمنسٹریشن‘ نے جمعرات کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ 2015ء کے دوران، امریکہ بھر کے ائرپورٹس پر اپنے بیگ میں آتشیں اسلحہ لے کر جہاز پر سوار ہونے کی کوشش کرنے والے مسافروں سے 2 ہزار 653 اسلحہ برآمد کیا گیا۔

ائرپورٹس پر فضائی مسافروں سے برآمد ہونے والا یہ اسلحہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 20 فیصد زائد تھا، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ برآمد کئے جانے والے ان ہتھیاروں کا 82 فیصد لوڈیڈ تھا۔

’ٹی ایس اے‘ کے مطابق، انھوں نے سال 2015ء کے دوران، 708 ملین فضائی مسافروں کی اسکریننگ کی، جو کہ سال گزشتہ کے مقابلے میں 40 ملین زائد تعداد ہے۔

ٹی ایس اے کے منتظم، پیٹر وی نیفگر کا کہنا ہے کہ کمرشیل پروازوں میں بیگ کے اندر آتشیں اسلحہ لے کر جانا محفوظ فضائی سفر کے لئے خطرہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ تلاشی کے طریقہ کار کی اضافی تربیت کے بعد، اہل کاروں میں اس طرح کی ممنوعہ اشیا کو پکڑنے کی صلاحیت بڑھ گئی ہے۔

پکڑے جانے والا بیشتر اسلحہ ملک بھر کے انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لایا گیا تھا، جن میں سرفہرست ڈیلس فورٹ ورتھ ائرپورٹ، ٹیکساس ہے جہاں سال بھر کے دوران 153 اسلحہ پکڑا گیا۔ دوسرے نمبر پر، ہارٹسفیلڈ، جیکسن، اٹلانٹا، جارجیا ہے جہاں 144 اسلحہ پکڑا گیا۔ ہوسٹن ٹیکساس کا جارج بش ائرپورٹ جہاں 100 اسلحہ، ڈینور کلوروڈو ائرپورٹ سے 90 اور اریزونا کے فونکس ائرپورٹ سے 73 اسلحہ پکڑا گیا۔

فضائی سفر کے ساتھ کسی بھی قسم کا اسلحہ لے کر جانا ممنوعہ ہے۔ تاہم، وہ مسافر اپنے ساتھ اسلحہ رکھ سکتے ہیں جب ان کے بیگ کی جانچ ہوچکی ہو؛ اسلحہ لوڈیڈ نہ ہو اور درست طریقے سے پیک کرکے باضابطہ طور پر ائرلائن کو اس کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہو۔

XS
SM
MD
LG