رسائی کے لنکس

ترکی اور یونان میں زلزلے سے 27 افراد ہلاک، امدادی سرگرمیاں جاری


حکام کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشن آٹھ عمارتوں میں مکمل کر لیا گیا ہے۔ جب کہ دیگر عمارتوں میں آپریشن جاری ہے۔
حکام کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشن آٹھ عمارتوں میں مکمل کر لیا گیا ہے۔ جب کہ دیگر عمارتوں میں آپریشن جاری ہے۔

ترکی کے ساحلی علاقوں اور یونان کے جزیرے ساموس پر جمعے کو آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ترکی کے مغربی شہر ازمیر کے ساحلی علاقے میں آنے والے زلزلے سے 25 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جب کہ یونان کے جزیرے ساموس میں دیوار گرنے سے لڑکا اور لڑکی کی موت ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ازمیر شہر میں کم از کم 20 عمارتیں تباہ ہوئیں۔ جب کہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ البتہ زلزلے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی تھیں۔

ٹی وی پر دکھائی جانے والے مناظر میں منہدم عمارتوں کا ملبہ بلڈوزرز کے ذریعے ہٹائے جانے کی فوٹیجز دکھائی جا رہی ہیں۔

ترکی کے وزیر برائے ماحولیات مراد کرم کا کہنا ہے کہ اب تک 100 لوگوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

ترکی میں زلزلے سے متعلق معلومات دینے والی ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے سے 800 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ جب کہ کم از کم 470 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ترکی کے مغربی شہر ازمیر کے ساحلی علاقے میں آنے والے زلزلے سے 25 افراد ہلاک ہوئے۔ جبکہ یونان کے جزیرے ساموس میں دیوار گرنے سے ایک لڑکا اور ایک لڑکی جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ترکی کے مغربی شہر ازمیر کے ساحلی علاقے میں آنے والے زلزلے سے 25 افراد ہلاک ہوئے۔ جبکہ یونان کے جزیرے ساموس میں دیوار گرنے سے ایک لڑکا اور ایک لڑکی جان کی بازی ہار گئے۔

ازمیر کے ایک رہائشی نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے والدین لا پتا ہیں اور انہیں ان سے متعلق کوئی خبر نہیں مل رہی۔

حکام کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشن آٹھ عمارتوں میں مکمل کر لیا گیا ہے۔ جب کہ نو عمارتوں میں آپریشن جاری ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق یونان کے جزیرے ساموس پر زلزلے سے 19 افراد زخمی ہوئے۔ جن میں ایک 14 سالہ بچے کو ہوائی جہاز کے ذریعے ایتھنز منتقل کیا گیا۔ جب کہ سات زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ترکی اور یونان کے رہنماؤں کے درمیان بحیرہ روم میں معدنی ذخائر اور تیل و گیس کی دریافت پر تلخی کے بعد زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے اندازے پر جمعے کو رات گئے فون پر رابطہ ہوا۔

یونان کے وزیرِ اعظم کیریکوس مٹسوٹاکیس کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ انہوں نے زلزلے کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں پر ترک صدر رجب طیب ایردوان سے اظہار افسوس کیا ہے۔

ٹوئٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جو بھی تنازعات ہوں۔ یہ ایسا موقع ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام چاہتے ہیں کہ وہ اکٹھے کھڑے ہوں۔

ترک صدر کی جانب سے بھی ٹوئٹ میں اپنے یونانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ یونان سے ترکی اور ترکی کے لوگوں کی طرف سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکی، یونان کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

یورپ کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے ابتدائی جھٹکوں کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.9 ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس کا مرکز یونان کے جزیرے ساموس سے شمال مشرق کی طرف 13 کلو میٹر دور اور ترکی کی ساحل سے 32 کلو میٹر دور تھا۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر سات تھی۔ زلزلہ آنے کے ابتدائی گھنٹوں بلکہ دنوں تک مختلف سینٹروں میں ریکارڈ کی جانے والی شدت میں فرق ہوتا ہے اور یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔

خیال رہے کہ ترکی فالٹ لائن پر واقع ہے اور 1999 میں آنے والے زلزلے کے بعد یونان اور ترکی کے درمیان باہمی تعاون پر اتفاق ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG