دنیا میں اس وقت بولی جانے والی کم ازکم 1500 زبانیں ایسی ہیں جن کے بارے میں ماہرین کو خدشہ ہے کہ وہ اس صدی کے آخر تک ختم ہو جائیں گی، کیونکہ انہیں بولنے والا کوئی فرد باقی نہیں رہے گا۔
جن زبانوں کے مٹنے کا خطرہ ہے، وہ بالعموم بول چال کی زبانیں ہیں اور ان کا کوئی رسم الخط نہیں ہے۔ ان کے بولنے والے بہت کم رہ گئے ہیں اور ان کی اولادیں اپنی مادری زبان پر مروجہ زبانوں کو ترجیح دیتی ہیں۔
دنیا بھر میں بولی جانے والی زبانوں کی صحیح تعداد کسی کو بھی معلوم نہیں ہے، لیکن ماہرین کے مطابق، باقاعدہ تسلیم شدہ زبانوں کی تعداد 7000 کے لگ بھگ ہے، جن میں سے ڈیڑھ ہزار زبانیں اپنے خاتمے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
آسٹریلیا میں زبانوں کے ماہرین کی قیادت میں ہونے والی ایک تحقیق کے نتائج حیاتیات اور ارتقا سے متعلق سائنسی جریدے 'نیچر ایکولوجی اینڈ ایولوشن' میں جمعے کے روز شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔
ماہرین نے ان عوامل کا جائزہ لیا ہے جس کی وجہ سے یہ زبانیں دباؤ میں ہیں۔
آسٹریلوی محققین کا کہنا کہ دنیا میں جیسے جیسے سڑکوں کا جال وسیع ہو رہا ہے اور شہر دور افتادہ علاقوں سے جڑتے جا رہے ہیں، شہروں میں بولی جانے والی ترقی یافتہ زبانیں،مثال کے طور پر انگریزی وغیرہ، دیہی علاقوں کی مقامی زبانوں پرحاوی ہوتی جا رہی ہیں، جس سے مقامی زبانوں کے پنپنے کی راہیں مسدود ہو رہی ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ مقامی زبانوں کے مٹنے کے خطرے کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ تعلیمی اداروں میں دو زبانوں میں تعلیم دینے کا سلسلہ ترک کیا جا رہا ہے اور صرف ترقی یافتہ زبانوں کو ہی اہمیت دی جا رہی ہے،جس کا نقصان چھوٹی آبادیوں میں بولی جانے والی زبانوں کو پہنچ رہا ہے۔
آسٹریلیا کے ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقامی زبانوں اور بولیوں کو نقصان پہنچانے میں آسٹریلیا کا ریکارڈ سب سے خراب ہے اور اس ملک کی مقامی بولیوں کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے۔
یورپ کی نوآبادی بننے کے دور سے پہلے آسٹریلیا میں 250 زبانیں بولی جاتی تھیں، جن کی تعداد گھٹ کر اب محض 40 رہ گئی ہے اور ان میں سے صرف ایک درجن مقامی زبانیں بچوں کو پڑھائی جا رہی ہیں۔
اس تحقیق میں شامل آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ کے پروفیسر فیلیسیٹی میکنز کہتے ہیں کہ علاقائی زبانوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ نوآبادیات اور عالمگیریت کا ایک جاری عمل ہے۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہے کہ کوئی سی بھی زبان بولنے والی کمیونٹی کی اپنی ایک تاریخ اور تجربات و مشاہدات ہیں۔ اور دنیا میں بہت سی جگہوں پر، جن میں آسٹریلیا بھی شامل ہے، نوآبادیاتی نظام کی بے رحمانہ پالیسیوں کے ذریعے، جنہیں زبانوں کو دبانے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا، مقامی زبانوں کو خاموش کرایا جاتا رہا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ اگر ہم آسٹریلیا کو سامنے رکھیں تو یہاں لوگوں کو اپنی مقامی زبان بولنے پر سزائیں دیں گئیں اور ان کے لیے یہ تجربات حقیقتاً تکلیف دہ تھے، جن کے اثرات مقامی آبادیوں کی زبانوں کی صلاحیت پر منتقل ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ایسے وقت میں، جب کہ اقوام متحدہ کا تعلیم، سائنس اور ثقافت سے متعلق ادارہ یونیسکو، 2022 سے مقامی زبانوں کا عشرہ منانے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ اس بات کی بھی یقین دہانی ہے کہ مٹنے کے خطرے سے دوچار زبانوں کو بچانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
پروفیسر میکنز کے الفاظ میں ہر زبان اپنے انداز کی ایک شاندار زبان اور انسانی ثقافتی رنگارنگی کا ایک اہم حصہ ہے۔