رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ انتقال کر گئے


وائٹ ہاوس کے اعلیٰ حکام کے مطابق صدر ٹرمپ جمعے کو اپنے چھوٹے بھائی کی عیادت کرنے نیویارک سٹی اسپتال گئے تھے۔ فائل فوٹو(نومبر 2016)
وائٹ ہاوس کے اعلیٰ حکام کے مطابق صدر ٹرمپ جمعے کو اپنے چھوٹے بھائی کی عیادت کرنے نیویارک سٹی اسپتال گئے تھے۔ فائل فوٹو(نومبر 2016)

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ نیویارک کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔

رابرٹ ٹرمپ کی عمر 71 سال تھی۔ وہ شہرت سے دور بھاگتے تھے جب کہ ساری عمر خاندانی کاروبار سے منسلک رہے۔

وائٹ ہاوس کے اعلیٰ حکام کے مطابق صدر ٹرمپ جمعے کو اپنے چھوٹے بھائی کی عیادت کرنے نیویارک سٹی اسپتال گئے تھے۔

صدر ٹرمپ نے بھائی کی وفات کے بعد ایک پیغام میں کہا ہے کہ میرے انتہائی عزیز بھائی رابرٹ کا آج رات انتقال ہو گیا۔ وہ نہ صرف میرے بھائی تھے بلکہ میرے بہترین دوست بھی تھے۔

انہو ں نے کہا کہ رابرٹ ٹرمپ کی یادیں ان کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ وہ انہیں بہت یاد آئیں گے۔ اب وہ سکون کی ابدی نیند سو رہے ہیں۔

رابرٹ اپنے خاندان سے بہت محبت کرتے تھے۔

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق رابرٹ ٹرمپ اپنے بھائی ڈونلڈ ٹرمپ سے مزاج کے اعتبار سے خاصے مختلف تھے۔

ابھی اسی سال جون میں انہوں نے صدر ٹرمپ کے بارے میں ان کی بھتیجی کی لکھی گی کتاب کی اشاعت روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ البتہ عدالت نے ان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

اطلاعات کے مطابق رابرٹ ٹرمپ اسی مہینے شدید علیل ہو گئے اور انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ جہاں وہ کئی دن انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رہے۔

رابرٹ ٹرمپ نے اپنے کیرئیر کا آغاز 'وال اسٹریٹ' سے کیا تھا مگر بعد میں اپنے خاندانی کاروبار سے منسلک ہو گئے تھے۔

صدر ٹرمپ نے ایک بار اپنے بھائی رابرٹ ٹرمپ کے بارے میں کہا تھا کہ وہ میرے مقابلے میں سہل پسند زندگی گزارتے تھے اور وہ واحد شخص تھے جنہیں میں پیار سے 'ہنی' کہہ کر پکارتا تھا۔

رابرٹ ٹرمپ نے بوسٹن یونیورسٹی سے گریجویشن کی تھی۔

ٹرمپ خاندان کے بارے میں کتابیں لکھنے والے مصنف بلیر کہتے ہیں کہ رابرٹ ٹرمپ خبروں میں آنا پسند نہیں کرتے تھے۔

رابرٹ ٹرمپ اپنے بڑے بھائی کے دورِ صدارت کے دوران بھی پس منظر میں رہے۔ مگر وہ اپنے بڑے بھائی کی ہمیشہ حمایت کرتے تھے۔ 2016 میں اخبار 'نیو یارک پوسٹ' کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ میں ایک ہزار فی صد ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتا ہوں۔

XS
SM
MD
LG