رسائی کے لنکس

سجاد علی کا 17 برس بعد نیا البم 'آتش' مداحوں کو بھا گیا 


​ پاکستان کے مشہور گلوکار سجاد علی نے 17 برس بعد اپنا نیا البم 'آتش' ریلیز کر دیا ہے۔ گلوکار کے چاہنے والے ان کے اس نئے البم سے خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔

سجاد علی نے منگل کو اپنا نیا البم 'آتش' یوٹیوب پر ریلیز کیا ہے جو چھ ٹریکس پر مشتمل ہے۔ گلوکار کے مطابق ان کے نئے البم کے سارے ہی گانے ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔

سجاد علی کے اس نئے البم میں 'آتش'، 'سلامی'، 'پردیس'، 'دُور گیوں، 'چہرے' اور 'کیا سما ہے' شامل ہیں۔

گلوکار کے مداحوں کی جانب سے البم 'آتش' کو خوب پسند کیا جا رہا ہے اور صارفین سوشل میڈیا پر ملے جلے ردِعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

کسی نے سجاد علی کی آواز کو جادوئی قرار دیا تو کوئی ان کے گانوں کی مختلف اور منفرد کمپوزیشن کی تعریفیں کر رہا ہے۔پاکستان کے علاوہ بھارت سے بھی لوگ البم 'آتش' کو پسند کر رہے ہیں۔

یو ٹیوب پر موجود ایک صارف نے سجاد علی کے گانے پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ویسے تو البم کے سارے ہی گانے بہت اچھے ہیں لیکن 'چہرے' اور 'سلامی' کی بات الگ ہے۔

البم کے گانے 'پردیس' کو ملک سے دور رہنے والے افراد کی جانب سے زیادہ پسند کیا جا رہا ہے۔ ایک صارف نے یوٹیوب پر کمنٹ کیا کہ اپنے ملک سے دور رہنے کی وجہ سے یہ گانا ان کے دل کو چھو گیا ہے۔

سجاد علی کا 17 برس بعد نیا البم

گلوکار سجاد علی کی جانب سے یہ البم تقریباً 17 برس بعد ریلیز کیا گیا ہے، سجاد علی نے 31 مئی کو ایک مختصر ویڈیو میں کہا تھا کہ تقریباً 16، 17 برس بعد ان کا نیا البم ریلیز ہو رہا ہے۔

اس سے قبل سجاد علی کا آخری البم سن 2005 میں ریلیز ہوا تھا، جو 'چہار بالش' تھا۔

سترہ برس قبل ریلیز ہونے والے اس البم میں 'چل رین دے'، 'دن پریشان ہے'، 'کیا نام دوں' سمیت10 ٹریکس شامل تھے۔

سجاد کے اس البم کو 'لکس اسٹائل ایوارڈز' میں بہترین البم کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سجاد علی گزشتہ کئی برسوں سے اپنے سنگل گانے ہی ریلیز کر رہے ہیں۔ ان کے حال ہی ریلیز ہونے والے سنگل گانوں میں 'قرار'، انتظار' اور 'یاد' شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG