رسائی کے لنکس

سلمان خان اور فوٹو گرافرز میں ان بن، بائیکاٹ کا سامنا


فوٹو گرافر نے سلمان سے قریب ہوکر ان کی تصویر بنانے کی کوشش کی تو سلمان کے باڈی گارڈز نے فوٹو گرافر کو دھکے دے کر پیچھے ہٹا دیا۔ بس پھر کیا تھا۔۔

کراچی ... سلمان خان صرف کروڑوں پرستاروں کے دلوں پر ہی راج نہیں کرتے بلکہ میڈیا کے بھی چہیتے ہیں اور وہ جہاں جائیں کیمرے کی آنکھ ان کی ہر ہر ادا کو قید کرنے کے لئے موجود ہوتی ہے۔ لیکن، اب سلمان کو فوٹوگرافرز کے بائیکاٹ کا سامنا ہے۔

سلمان خان اور فوٹوگرافرز میں ان بن کی وجہ بنی فوٹوگرافرز اور سلمان خان کے گارڈز کے درمیان تکرار اور تلخ کلامی۔۔’ہندوستان ٹائمز‘، ’این ڈی ٹی وی‘ اور دیگر بھارتی میڈیا میں آنے والی رپورٹس کے مطابق سلمان خان اپنی آنے والی فلم ’کک‘ کے گانے کی لانچنگ تقریب میں ایک فوٹوگرافر نے سلمان خان سے خصوصی پوز بنانے کی درخواست کی جو انہوں نے مسترد کردی۔

فوٹوگرافر نے سلمان سے قریب ہوکر ان کی تصویربنانے کی کوشش کی تو سلمان کے باڈی گارڈز نے فوٹوگرافر کو دھکے دے کر پیچھے ہٹا دیا۔ بس پھر کیا تھا۔۔ سلمان کے باڈی گارڈز اور تقریب میں موجود فوٹوگرافرز میں کافی دیر تک تلخ کلامی اور تو تو میں ہوتی رہی۔

سلمان نے اس موقع پر کہا کہ فوٹوگرافرز کو فاصلہ رکھنا چاہئے۔اگر باڈی گارڈز انہیں دور ہٹاتے ہیں تو کچھ غلط نہیں کرتے۔

معاملہ رفع دفع ہونے کے قریب تھا کہ سلمان نے ایک اور شوشہ چھوڑ کر فوٹوگرافرز کو اشتعال دلایا ۔۔سلمان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کام کے لئے آئے ہیں وہ کام کریں باقی لوگ یہاں سے جا سکتے ہیں۔

بس جناب پھر کیا تھا۔۔ سلمان کی باتیں سن کر فوٹوگرافرز نے خوب شور شرابا کیا اور 25جولائی کو ریلیز ہونے والی فلم ’کک‘ کے کوریج کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان بھی کر ڈالا۔

تقریب میں موجود ایک فوٹوگرافر کا کہنا تھا کہ سلمان خان جب تک فوٹوگرافرز سے معافی نہیں مانگتے، سلمان کی تصویریں نہیں بنائیں گے اور نہ ہی ان کی آنے والی فلم ’کک‘ کی کوریج کریں گے۔۔یہی نہیں ،سلمان خان کے رویے کے بارے میں فوٹوگرافرز یونین کے اجلاس میں بھی غور کیا جائے گا۔

سلمان خان اب میگا اسٹارڈم کو انجوائے کررہے ہیں۔ اس لئے انہیں فوٹوگرافرز کے بائیکاٹ سے کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔۔الٹا انہوں نے فوٹوگرافرز کو طنز کا نشانہ بنا ڈالا۔ سلمان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ فوٹوگرافرز کو آج کل کوئی خاص کام نہیں لیکن پھر بھی انہوں نے میری تصویریں نہ کھینچنے کا فیصلہ کرڈالا۔ میں ایسے لوگوں کا بہت احترام کرتا ہوں جو اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ فوٹوگرافرز میری تصویریں نہ بنانے کے فیصلے پر عمل کریں گے۔

سلمان خان سے پہلے شردھا کپور بھی پوز نہ بنانے پر فوٹوگرافرز کے بائیکاٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔ معاملہ سنگین ہوتے دیکھ کر شردھا کپور نے میڈیا کے لوگوں کو بیچ میں ڈال کر فوٹوگرافرز کے ساتھ پیدا ہونے والی ’غلط فہمی‘ کو دور کرلیاتھا۔

XS
SM
MD
LG