رسائی کے لنکس

ثانیہ مرزا کی 2 سال بعد ٹینس کورٹ میں کامیاب واپسی


بھارتی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کی دو سال کے وقفے کے بعد کامیابی کے ساتھ دوبارہ ٹینس کورٹ میں واپسی ہوئی ہے۔

منگل کو انہوں نے اپنی ساتھی کھلاڑی نادیہ کیچونک کے ہمراہ ہوبارٹ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے ویمنز ڈبلز کوارٹر فائنل میں یوکرین کی اوکسانہ کلاشنکوفا اور میو کٹو کو دو چھ، سات چھ (تین) اور دس تین سے شکست دے دی۔

یہ اکتوبر 2017 کے بعد ثانیہ مرزا کا پہلا میچ تھا۔ وہ بیٹے کی ولادت کے سبب دو سال سے ٹینس کورٹ سے دور تھیں۔

منگل کو ہونے والے میچ میں کامیابی کے فوری بعد انہوں نے اپنے بیٹے ازان کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

انہوں نے تصویر کے ساتھ اپنی ٹوئٹ میں پیغام دیا کہ آج میری زندگی کا سب سے خاص دن تھا۔ میرے والدین کے ساتھ ساتھ میرے بیٹے نے بھی مجھے سپورٹ کیا۔

ثانیہ مرزا نے کہا کہ وہ مداحوں کی شکر گزار ہیں۔ جنہوں نے اُن کی کھیل میں واپسی پر حمایت کی۔ ثانیہ نے کہا کہ وہ اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنے بیٹے کو بھی دینا چاہتی ہیں۔

بھارتی شہر حیدر آباد دکن سے تعلق رکھنے والی ثانیہ مرزا عالمی سطح پر بھارت کے لیے ٹینس کے میدان میں کئی کامیابیاں سمیٹ چکی ہیں۔

انہوں نے 2010 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے شادی کی تھی۔

اُن کی شادی کو پاکستان اور بھارت کے ذرائع ابلاغ میں بھرپور کوریج بھی ملی تھی۔

XS
SM
MD
LG