رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں اگلے سال تک 250 ملٹی پلیکس سنیما بن جائیں گے


سعودی دارالحکومت ریاض کے شاپنگ مال ’ریاض پارک‘ میں عام پبلک کے لیے سینما تھیٹر کھلنے کے موقع پر خواتین فلم دیکھنے کے لیے جمع ہیں۔ 30 اپریل 2018
سعودی دارالحکومت ریاض کے شاپنگ مال ’ریاض پارک‘ میں عام پبلک کے لیے سینما تھیٹر کھلنے کے موقع پر خواتین فلم دیکھنے کے لیے جمع ہیں۔ 30 اپریل 2018

سعودی عرب کی تفریحی دنیا بدل رہی ہے۔ حالیہ مہینوں میں ملک کا پہلا سنیما گھر ایک غیر ملکی کمپنی نے تعمیر کیا تو اس کے بعد سعودی عرب کی مقامی سنیما چین مووی بھی میدان میں آ گئی ہے۔

اس نئے تعمیراتی کمپنی گروپ نے سعودی عرب کے سب سے بڑے مال آپریٹر 'اربن سینٹرز' کے ساتھ باقاعدہ ایک معاہدے پر دستخظ کیے ہیں جس کے تحت رواں سال کے آخر تک چار بڑے شاپنگ مالز میں ملٹی پلیکسز سنیما تعمیر کیے جائیں گے۔

دبئی سے شائع ہونے والے میگزین 'اربن نیوز' کے مطابق معاہدے پر عمل درآمد جدہ کے 'مال آف عربیہ' میں 15 اسکرینز والے کمپلیکس سنیما کی تعمیر سے ہو گا۔

آئندہ چند ہفتوں میں نہ صرف اس کی منصوبہ بندی مکمل کر لی جائے گی بلکہ اس کے افتتاحی پروگرام کو بھی حتمی شکل دے دی جائے گی۔

'مال آف عربیہ' کے بعد 'نخیل مال آف دمام'، 'دی مال آف دہران'، 'الحمرا مال ریاض' میں بھی سال کے آخر تک ملٹی پلیکسز سنیما تعمیر کئے جائیں گے، جب کہ اگلے سال 'نیو بلیورڈ مال کمپلیکس ریاض' اور 'یو۔واک' ریاض کا نمبر آئے گا۔

سال 2020 میں عربین سینٹرز کے مطابق مزید 10 شاپنگ مالز میں ملٹی پلیکسز قائم کئے جائیں گے جس کے بعد مزید 8 شہروں کا نمبر آئے گا۔

اگلے سال دسمبر تک ملک بھر میں اسکرینز کی تعداد 250 ہو جائے گی جب کہ اگلے چند برسوں تک پورے سعودی عرب میں سنیما ہالز قائم ہو جائیں گے۔

سعودی عرب کی انٹرٹیمنٹ انڈسٹری میں توسیع و ترقی کا کام ولی عہد محمد بن سلمان کے پیش کردہ ویژن 2030 کے تحت جاری ہے۔

ویژن 2030 میں فنون لطیفہ، تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کی ترقی ترجیحی کاموں میں شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG