رسائی کے لنکس

سیسمی اسٹریٹ کا نیا ایشیائی نژاد کردار


سیسمی اسٹریٹ سیریز اب نئے رنگ و ڈھنگ کے ساتھ پیش ہونے کے لیے تیار
سیسمی اسٹریٹ سیریز اب نئے رنگ و ڈھنگ کے ساتھ پیش ہونے کے لیے تیار

امریکی ٹی وی پر بچوں کے مقبول ترین پروگرام سیسمی اسٹریٹ کی باون سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک ایشیائی نژاد امریکی پتلی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

کوریائی خد و خال والی سات سالہ، جی ینگ امریکی تہوار تھینکس گیوونگ کے روز ایک خصوصی پروگرام میں سکرین پر جلوہ گر ہوگی۔ جی ینگ کے دو ہی شوق ہیں، ایک سکیٹ بورڈنگ اور دوسرا اپنے الیکٹرک گٹار سے سُر بکھیرنا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، تھینکس گیوونگ کے موقعے پر پی بی ایس ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی اس خصوصی قسط میں، جس کا نام 'ہمیں یکجا ہوتا دیکھیں' رکھا گیا ہے، ایشیائی نژاد کنیڈین اداکار سیمو لیو، بھارتی نژاد امریکی مصنفہ پدما لکشمی اور جاپان سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی ٹینس سٹار نیومی اوساکا بطور مہمان شریک ہونگے۔

امریکی معاشرے میں ایشیائی نژاد باشندوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت پر مبنی واقعات کے جواب میں سیسمی اسٹریٹ کی جانب سے جی ینگ کی شمولیت یہ باور کرانے کی کوشش ہے کہ امریکہ ایک متنوع نسل معاشرہ ہے اور یہی اس کی خوبصورتی ہے۔

ایک انٹرویو میں مپٹ یا پتلی جی-ینگ نے اپنے نام کا مطلب بتاتے ہوئے کہا کہ کورین زبان میں ان کے نام میں 'جی' کا مطلب عقلمند اور 'ینگ' کے معنی بہادر کے ہیں۔

جی-ینگ کی شخصیت پتلی باز کیتھلین کم کی تخلیق ہے جو خود بھی کوریائی نژاد ہیں۔ کیتھلین کم 2014 سے سیسمی اسٹریٹ سے منسلک ہیں۔ کم کے مطابق سیسمی اسٹریٹ پر بطور پتلی باز کام کرنا ہی کسی خواب کی تعبیر سے کم نا تھا۔ لیکن پروگرام کے لیے ایک نئے کردار کی تخلیق میں حصہ لینا تو شاید کبھی ان کے تصور میں بھی نہیں تھا۔

کم کے مطابق وہ اس کردار کے ذریعے بہت سے بچوں کی نمائندگی کر رہی ہیں، ایسی نمائندگی جو خود انہیں اپنے بچپن میں نصیب نہیں ہوئی اس لیے اسے وہ بڑی ذمہ داری سمجھتی ہیں۔

کم ابتدا میں اس کردار کو لے کر تھوڑی کشمکش میں تھیں مگر پھر ان کی ساتھی اور پروگرام میں ایبی کڈیبی کا کردار نبھانے والی لیسلی روڈولف نے انہیں سمجھایا کہ یہ کردار معاشرے کے لیے بہت اہم پیغام رکھتا ہے۔

امریکا میں سیاہ فام جارج فلوئڈ کی موت اور پھر کرونا وبا کے بعد ایشیائی نژاد باشندوں کے خلاف نفرت دیکھ کر بہت سی کمپنیوں کی طرح سیسمی اسٹریٹ پر بھی نسل پرستانہ رویوں سے نمٹنے پر بات چیت ہوئی اور پھر کئی برسوں پر مبنی حکمت عملی تیار کی گئی جس میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ کس طرح نسل، نسل پرستی اور ثقافت جیسے حساس موضوعات پر بچوں کے سامنے بات کی جائے۔

اس حکمت عملی کے تحت پہلے تامر نام کا ایک سیاہ فام کردار متعارف کرایا گیا۔ تامر، گو کہ پروگرم کا پہلا سیاہ فام کردار نہیں مگر یہ آٹھ سال کا ایک ایسا بے باک بچہ ہے جو حساس موضوعات پر بات کرتا ہے۔

اسی حکمت عملی کے تحت اب جی-ینگ بھی سیسمی اسٹریٹ پر رہنے آرہی ہے۔ جی-ینگ بچوں کو سکھائے گی کہ کس طرح غلط رویوں پر خاموش رہنے کے بجائے آواز اٹھانی چاہئیے۔

جی ینگ کی پتلی باز کیتھلین کم کی خواہش ہے کہ اس کردار کے ذریعے نا صرف نسل پرستانہ رویوں کا سدباب کیا جائے بلکہ یہ بھی کہ مختلف رنگ اور نسل کے لوگوں کو عوامی قبولیت حاصل ہو۔

اب سے باون سال پہلے سیسمی اسٹریٹ نومبر کے ہی مہینے میں پہلی بار ٹی وی پر نشر ہونا شروع ہوا تھا۔ کھیل کھیل میں مپٹس یا پتلیوں کے ذریعے بچوں کی تعلیم اور تربیت پر مبنی یہ پروگرام بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں میں بھی مقبول ہے اور اس کی کامیابی کا یہ سفر نصف صدی سے زائد عرصے سے جاری ہے۔ اس کے مشہور ترین کردار ایلمو، بگ برڈ اور کوکی مونسٹر ہیں۔

[خبر میں شامل مواد ایسو سی ایٹڈ پریس کی رپورٹ سے لیا گیا]

XS
SM
MD
LG