رسائی کے لنکس

مصر میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں امن فوج کے سات اہلکار ہلاک


ایک ہیلی کاپٹر زمین پر اترنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ہیلی کاپٹر کے پنکھوں کی تیز ہوا سے گرد و غبار بلند ہو رہا ہے۔ فائل فوٹو
ایک ہیلی کاپٹر زمین پر اترنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ہیلی کاپٹر کے پنکھوں کی تیز ہوا سے گرد و غبار بلند ہو رہا ہے۔ فائل فوٹو

مصر میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں سات امن کار ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسرائیل اور مصر کے درمیان 1979 میں طے پانے والے معاہدے کی نگرانی کرنے والی کثیر ملکی فوج اور مبصروں نے تصدیق کی ہے کہ مصر کے جزیرہ نما سینائی میں ایک معمول کی کارروائی میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں سات امن کار ہلاک ہوئے جن میں پانچ امریکی شامل تھے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک فرانسیسی اور ایک چیک ری پبلک کا اہلکار بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونے والوں کے نام نہیں بتائے گئے۔

فوج کا کہنا ہے کہ عملے میں شامل ایک امریکی اس حادثے میں زخمی ہوا۔ اسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ کثیر ملکی فوج اور مبصروں کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک حادثہ ہے۔

امریکی محکمۂ دفاع کی طرف سے ایک بیان میں نگران وزیر دفاع کرس ملر نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے حادثے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ اور دوسرے احباب سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مصر اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے 1979 امن معاہدے کے بعد، ملٹی نیشنل فورس اینڈ آبزرورز کا قیام عمل میں آیا، جس میں 13 ممالک کی افواج شامل ہیں، اور اس میں سب سے بڑا حصہ امریکہ کا ہے۔

گزشتہ برس امریکہ نے اس تنظیم کے لیے 31 ملین ڈالر اکٹھے کیے تھے۔

اس کی ذمہ داریوں میں افواج کی تعداد کی نگرانی کرنا اور آبنائے تیران میں آزاد نقل و حمل کو یقینی بنانا شامل ہے۔

جمعرات کے روز ہونے والا حادثہ، اس برس امریکی افواج کا مہلک ترین حادثہ ہے۔

XS
SM
MD
LG