رسائی کے لنکس

فلپائن: دو دھماکوں میں فوجی اہلکاروں سمیت 10 افراد ہلاک، درجنوں زخمی


فلپائن کے جنوبی صوبے سولو کے مسلم اکثریتی علاقے جولو میں دو دھماکوں کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں سمیت 10 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق پیر کو جولو میں یکے بعدیگرے دو دھماکے ہوئے جس میں پانچ فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

مسلم اکثریتی علاقے جولو میں سیکیورٹی فورسز طویل عرصے سے عسکریت پسند گروپ 'ابو سیاف' کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔

لیفٹنٹ جنرل کورلیٹو ونلون نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ پہلا دھماکہ سپر مارکیٹ کے قریب کھڑی موٹرسائیکل میں ہوا۔ اُن کے بقول موٹرسائیکل میں دھماکہ خیز مواد نصب تھا جس کے پھٹنے سے وہاں موجود پانچ اہلکار اور چار شہری ہلاک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل میں دھماکے کے تھوڑی دیر بعد اسی سڑک پر ایک خاتون خودکش بمبار نے اُس وقت خود کو دھماکے سے اڑادیا جب پولیس علاقے کو گھیرے میں لے رہی تھی۔

ایک اور فوجی افسر لیفٹنٹ کرنل رونالڈو میٹیو نے بتایا ہے کہ دونوں دھماکوں میں 16 فوجی اور 20 سویلین زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب حملے کی ذمہ داری اب تک کسی بھی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

فلپائن کے پولیس چیف جنرل آرچی فرانسسکو گومبوا نے دھماکوں کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دھماکوں کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ سولو کا علاقہ عسکریت پسند گروپ 'ابو سیاف' کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہ گروپ خود کو داعش کا اتحادی قرار دیتا ہے۔

XS
SM
MD
LG