رسائی کے لنکس

وزیر اعظم کے دورے کی رپورٹنگ، 'اردو سروس' کی کارکردگی کی تعریف


وائس آف امریکہ کے ادارتی اجلاس میں اِس بات کی نشاندہی کی گئی کہ اِس سہ روزہ دورے میں، اردو سروس کے ریڈیو، ٹیلی ویژن اور ویب پر ’بروقت، معیاری اور غیر جانبدارانہ رپورٹیں نشر و شائع ہوئیں‘، اور سامعین و ناظرین کو ’لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا‘

براڈکاسٹنگ بورڈ آف گورنرز (بی بی جی) نے وائس آف امریکہ کی اردو سروس کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کے حالیہ سرکاری دورہٴ امریکہ کے دوران کی گئی کوریج کو سراہتے ہوئے، اِسے ادارے کے اعلیٰ معیار کا عکاس قرار دیا ہے۔

ادارے کے ادارتی اجلاس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ اس سہ روزہ دورے میں، اردو سروس کے ریڈیو، ٹیلی ویژن اور ویب پر ’بروقت، معیاری اور غیر جانبدارانہ رپورٹیں نشر و شائع ہوئیں‘۔

اس حوالے سے، اجلاس میں بتایا گیا کہ دورے سے قبل اور اس کے اختتام تک اردو سروس نے بروقت اور تفصیلی رپورٹس دیں۔ مثال پیش کرتے ہوئے، خصوصی طور پر وائٹ ہاؤس لان پر موجود ٹیلی وژن اور ریڈیو ٹیم، کی نشاندہی کی گئی جس نے پاکستانی وزیر اعظم کی صدر اوباما اور وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ ملاقاتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس تفصیلی اور براہ راست رپورٹنگ کی سربراہی، نامہ نگار محمد عاطف نے کی۔

ریمارکس میں بتایا گیا کہ ’وی اے او اردو‘ نے اپنے سامعین و ناظرین کو وزیر اعظم نواز شریف کی مصروفیات کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا۔

وائٹ ہاؤس کے لان سے یہ براہ راست خصوصی ٹیلی ویژن نشریات تین گھنٹوں پر محیط تھیں، جنھیں اردو سروس کے توسط سے ’ڈان ٹی وی‘ اور ’نیوز ون‘ کے پاکستانی چینلز نے تفصیلی نشر کیا۔

ساتھ ہی، ’وائس آف امریکہ‘ کے اردو رپورٹروں اور پروڈیوسرز نےپاکستانی نیوز اداروں کو ایک درجن کے قریب براہ راست ریڈیو رپورٹیں فراہم کیں، جنھیں خطے بھر کے سامعین کے لیے براِ راست نشر کیا گیا۔

اس موقعے پر ’اردو سروس‘ کے سربراہ، فیض رحمٰن نے کہا کہ ’وائس آف امریکہ‘ کی بنیادی اقدار میں یہ بات شامل ہے کہ ’ہم امریکی پالیسی اور نقطہ نظر کے بارے میں مفصل کوریج اور تجزیہ فراہم کریں، جو کہ ہمارے سننے اور پڑھنے والوں کے علاوہ متعلقہ اداروں اور ناظرین و سامعین کی دلچسپی کا مظہر ہو‘۔

اُنھوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ ’وائس آف امریکہ‘ کا متعدد پاکستانی چینلز کے ساتھ منفرد نوعیت کا رابطہ ہے، جس کے لیے اردو سروس نے اپنے خصوصی دلچسپی والے ’ٹارگٹ ایریا‘ میں متعلقہ حلقوں کے ساتھ قریبی رابطے قائم کر رکھے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ’وائس آف امریکہ‘ تربیتی پروگرام کا بندوبست کرتا ہے، جس کے لیے دنیا بھر کے صحافی واشنگٹن ڈی سی کا رُخ کرتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ ’یہ پروگرام تعلقات کی آبیاری اور اُنھیں توانائی و تقویت بخشنے کا باعث بنتا ہے‘۔

’وائس آف امریکہ‘ کی ’اردو سروس‘ ریڈیو، ٹیلی ویژن اور ویب سمیت متعددد پلیٹ فارمز پر وسیع نوعیت کے پروگرام فراہم کرتا ہے، جنھیں 14 اداروں کو فراہم کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ہفتے کے اندر پاکستان کے 56 لاکھ افراد تک رسائی ممکن ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG