امریکہ کی وسط مغربی ریاست کنساس میں فائرنگ کے واقعات میں کم ازکم تین افراد ہلاک اور لگ بھگ 20 زخمی ہو گئے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ہسٹون شہر کے قریب واقع متعدد مقامات پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے جب کہ ایک مسلح شخص پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
شیرف ٹی والٹن کے مطابق حملہ آور ایکسل انڈسٹریز نامی کمپنی کا ایک ملازم تھا۔ ان کے بقول فائرنگ کے یہ واقعات فیکٹری کی پارکنگ اور دیگر مختلف مقامات پر پیش آئے۔
یہ واقعہ ریاست مشی گن کے علاقے کالامزو میں ہوئے ایسے ہی سلسلہ وار فائرنگ کے واقعے سے ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں پیش آیا جس میں چھ افراد ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے تھے۔
والٹن کا کہنا تھا کہ تاحال ان حملوں کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے ہیں اور فی الوقت وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ آیا ان تمام واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
ہیسٹون کی آبادی لگ بھگ 3700 افراد پر مشتمل ہے اور یہ کنساس کے سب سے شہر وچیٹا سے 35 میل شمال میں واقع ہے۔