رسائی کے لنکس

پشاور میں سکھ نوجوان قتل، بھارت کا اظہار مذمت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

پشاور کے نواحی علاقے چمکنی کے حدود سے سکھ نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش اتوار کی صبح برآمد ہوئی۔ پولیس نے نوجوان کی لاش نجی ایمبولینس سروس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کی۔

قتل کیے جانے والے نوجوان کا نام رویندر سنگھ ولد گھوتم رام بتایا گیا ہے جبکہ پولیس حکام نے مقتول کی عمر 25 برس تھی جبکہ اس کا تعلق پہاڑی ضلع شانگلہ کے علاقے الپورے سے تھا۔

مقتول نوجوان رویندر سنگھ
مقتول نوجوان رویندر سنگھ

رپورٹس کے مطابق مقتول نوجوان رویندر سنگھ اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل سے وابستہ ہرمیت سنگھ کے بھائی ہیں۔

رویندر سنگھ کی چند روز بعد شادی طے تھی جب کہ وہ اپنی شادی کے حوالے سے خریداری کے لیے شانگلہ سے پشاور آئے تھے۔

پولیس کے مطابق رویندر سنگھ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ رات گئے نامعلوم افراد نے مقتول کے موبائل سے ہرمیت سنگھ کو کال کرکے بتایا کہ آپ کے بھائی کو قتل کر دیا گیا ہے۔

رویندر سنگھ ملائیشیا میں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھے تھا اور چند دن قبل ہی شادی کے سلسلے میں واپس آئے تھے۔

ابھی تک کسی نے سکھ نوجوان قتل کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جب اہل خانہ کی جانب سے بھی فوری طور پر کسی پر شک ظاہر نہیں کیا گیا۔

نوجوان کی ہلاکت پر احتجاج

سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد مقتول رویندر سنگھ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد پشاور پریس کلب لائے اور ایک مختصر مظاہرہ کیا۔ جس کے بعد میں انہوں نے لاش کو مقتول کے آبائی ضلعے شانگلہ روانہ کر دیا۔

خیال رہے کہ ڈیڑھ سال قبل بھی پشاور میں ایک سکھ رہنما کا قتل ہوا تھا۔

متحرک سکھ رہنما سردار سر بجیت سنگھ کو نامعلوم افراد نے کوہاٹ روڈ پر واقع ان کی دکان میں گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

بھارت کا اظہار مذمت

بھارت کی وزارت خارجہ نے پشاور میں سکھ نوجوان کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق بھارت پاکستان کے شہر پشاور میں سکھ اقلیت سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ننکانہ صاحب میں گردوارہ شری جنم استھان میں توڑ پھوڑ اور اس کی بے حرمتی کا تسلسل ہے۔

ننکانہ صاحب کے واقعے کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ اس سے قبل ایک سکھ لڑکی کو اغوا کیا گیا جس کا مذہب زبردستی تبدیل کرکے اس کی شادی کروائی گئی۔

XS
SM
MD
LG