رسائی کے لنکس

ڈیل اسٹین کا پاکستان سپر لیگ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار


جنوبی افریقہ کے مایہ ناز فاسٹ بالر ڈیل ولیم اسٹین نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سب کو بتانے کا وقت آ گیا ہے کہ میں اسلام آباد یونائٹیڈ جوائن کر رہا ہوں۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں انہوں نے 'سیزن 2020' کو 'ٹوئنٹی ٹوئنٹی' کا سال قرار دیا۔

ڈیل اسٹین ان غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو پاکستان آ کر کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کر چکے ہیں۔ ڈیل اسٹین کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2004 میں کیا تھا۔

ڈیل اسٹین کا شمار دنیا کے بہترین فاسٹ بالرز میں ہوتا ہے۔ وہ دائیں ہاتھ سے تیز گیند بازی کرتے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرِک انفو کے ریکارڈز کے مطابق ڈیل اسٹین اب تک جن ٹیموں کا حصہ رہے ہیں ان میں جنوبی افریقہ، افریقہ الیون، کیپ کوبراز، دکن چارجز، ایسیکس، گجرات لائنز، جمائیکا تالاواس، میلبورن اسٹارز، ناردرنز، رائل چیلجنز بنگلور، سن رائزرز حیدر آباد، ٹائٹنز اور واروکشائر شامل ہیں۔

بالر کی حیثیت سے وہ ٹیسٹ میچز میں اب تک 439، ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 196، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 61، اور دیگر ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 249 وکٹیں لے چکے ہیں۔

پی ایس ایل کے دیگر غیر ملکی کھلاڑی

ڈیل اسٹین کے علاوہ جو دیگر معروف غیر ملکی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کا حصہ ہوں گے، ان میں نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ویز، انگلینڈ کے جیمز وینس، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی اور کیرون پولارڈ، آسٹریلیا کے شین واٹسن اور کئی دیگر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG