رسائی کے لنکس

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ہرا دیا


ویسٹ انڈیز کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
ویسٹ انڈیز کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

کرونا وائرس کے باعث لگ بھگ چار ماہ بعد شروع ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کے پہلے معرکے میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو چار وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے پانچویں روز مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 200 رنز درکار تھے۔​ مشکل صورتِ حال کے باوجود ویسٹ انڈین کھلاڑی بلیک ووڈ کی شاندار 95 رنز کی اننگز کی بدولت مہمان ٹیم نے چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

اتوار کی فتح کے بعد تین میچز پر مشتمل سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

شینن گیبریل اچھی بالنگ کے عوض 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔ انہوں نے میچ میں 9 شکار کیے۔

ویسٹ انڈین ٹیم نے میچ کے پہلے دن سے لے کر اختتام تک اپنی برتری قائم رکھی اور انگلش ٹیم کو کسی بھی موقع پر حاوی نہیں ہونے دیا۔

کرونا وائرس کے پیشِ نظر دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا گیا تھا جس کے دوران کھلاڑیوں نے سخت احتیاطی تدابیر پر عمل کیا۔

انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 204 رنز بںائے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 318 رنز بنا سکی تھی۔

میچ کی دوسری اننگز میں انگلش ٹیم ایک مرتبہ پھر مہمان بالروں کے سامنے بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 313 رنز ہی بنا سکی۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف ملا۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز مایوس کن ثابت ہوا۔ صرف سات کے مجموعی اسکور پر یکے بعد دیگرے اوپنر کریک بریتھ ویٹ اور نئے آنے والے بیٹسمین شائے ہوپ واپس پویلین لوٹ گئے۔ 27 کے مجموعے پر تیسری وکٹ گرنے سے ویسٹ انڈیز کے کیمپ میں ہلچل مچ گئی۔

بلیک ووڈ نے اس اعصاب شکن صورتِ حال میں پر اعتماد بیٹنگ کی اور نہ صرف وکٹیں گرنے کے سلسلے کو بریک لگایا بلکہ جیت کے لیے درکار رنز کا حصول بھی جاری رکھا۔

بلیک ووڈ نے 95 رنز کی شان دار اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے بھی شامل تھے۔ روسٹن چیز نے 37 اور وکٹ کیپر و بلے باز شین ڈورچ 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

​دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 16 جولائی سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG