رسائی کے لنکس

امریکی مسلمانوں کا سری لنکا دہشتگردی کے متاثرین سے اظہار یکجہتی


امریکی مسلمانوں نے سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی امداد کے لئے فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جمعے کو امریکی مسلمانوں کی ایک تنظیم ’اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ (اکنا)‘ کی اپیل پر سری لنکا میں دہشت گردی کے متاثرین کے لئے ملک بھر کی مساجد میں نماز جمعہ کے دوران دعائیں کی گئیں اور ان کے لئے فنڈ جمع کئے گئے۔

نیویارک، شکاگو، ڈیلس،کیلی فورنیا کے شہر اسکرمنٹو اور دیگر شہروں کے اسلامی مراکز میں نماز جمعہ کے خطبے میں اماموں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہے۔

اماموں نے کہا کہ دہشت گردی اور بے گناہوں کا قتل قرآنی تعلیمات کے منافی ہے۔

نیویارک میں اکنا مرکز کی جامع مسجد کے امام سلیم الرحمٰن نے اپنے خطبہ میں کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

امام سلیم الرحمٰن کے الفاظ ’’ہیلپنگ ہینڈ ہمارا ادارہ ہے جس کے پلیٹ فارم سے ہم ان متاثرین کی مدد کی کوشش کر رہے ہیں۔ اور پوری مسلم برادری سے اپیل کریں گے کہ وہ سری لنکا کے متاثرین کی مدد کے لئے آگے بڑھیں‘‘۔

اکنا کے مرکزی چیئرمین جاوید صدیقی نے کنیٹی کٹ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ امریکہ مسلمانوں کا ایک وفد دہشتگردی کے شکار شہریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جلد سری لنکا جائے گا اور ان کی مدد کی کوشش کی جائے گی۔

سری لنکا حکومت نے امداد کی اپیل نہیں کی۔ تاہم، حکام کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر عالمی برادری سے مدد لینے پر غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں امن و امان کی صورتحال کے باعث فی الوقت کسی بھی بیرونی امدادی ٹیموں کا خیر مقدم نہیں کیا جا رہا۔

XS
SM
MD
LG