رسائی کے لنکس

دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن، سری لنکا کے پہلی اننگز میں چھ وکٹوں پر 315 رنز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سری لنکا نے گال میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام تک پاکستان کے خلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنا لیے ہیں۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت ہوا اور میزبان ٹیم کے اوپنرز نے اس کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 21 ویں اوور میں 92 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب 50 رنز بنانے والے اوشادا فرنینڈو محمود نواز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے سری لنکا کی دوسری وکٹ بھی جلد حاصل کی جب 96 کے مجموعی اسکور پر کوسال مینڈیس آغاز سلمان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کو تیسرا نقصان 120 کے مجموعے پر ہوا جب کپتان دیموتھ کرونارتنے یاسر شاہ کے ہاتھوں پویلین روانہ ہوئے۔ انہوں نے 40 رنز بنائے تھے۔

میزبان ٹیم کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اینگلو میتھیوز تھے۔ 60ویں اوور میں 195 کے مجموعی اسکور پر نعمان علی کی بال پر محمد رضوان نے ان کا کیچ لیا۔ وہ 42 رنز بنا سکے تھے۔

چندی مل 258 کے مجموعی اسکور پر محمود نواز کا نشانہ بنے۔ وہ سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ 80 رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔ سری لنکا کی چھٹی وکٹ نعیم شاہ نے دہاننجیا ڈی سلوا کو بولڈ کرکے حاصل کی۔ انہوں نے مجموعی اسکور میں 33 رنز کا اضافہ کیا۔

پہلے دن کے اختتام پر 86 اوورز میں میزبان سری لنکا 315 رنز بنا چکی ہے جب کہ اس کےنیروشان 42 رنز اور دونیتھ 6 رنز پر وکٹوں پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالر محمد نواز رہے جنہوں نے 17 اوورز میں دو میڈن کرائے جب کہ 71 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
نعیم شاہ، نعمان علی اور یاسر شاہ کے نام ایک ایک وکٹ رہی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 24 جولائی سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جانا تھا البتہ احتجاجی مظاہروں اور امن و امان کی خراب صورتِ حال کے بعد دوسرا ٹیسٹ بھی گال منتقل کیا گیا۔

پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جب کہ سری لنکن ٹیم تیسری پوزیشن سے محروم ہو کر چھٹی پر پہنچ گئی ہے۔

اگر دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان سری لنکن ٹیم کامیاب ہوئی تو وہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر پہنچ جائے گی اور پاکستان کو پانچویں نمبر پر اکتفا کرنا پڑے گا۔

اگر دوسرا ٹیسٹ بھی پاکستان کے نام رہا تو بابر الیون 55 فی صد کامیابی کے ساتھ رینکنگ میں تیسری پوزیشن مستحکم کر لے گی۔

پاکستان کے فاسٹ بالر شاہین آفریدی پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز باؤنڈری پر بال پکڑنے کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ ان کے گھٹنے میں چوٹ آئی تھی جس کے لیے ان کا اسکین بھی کرایا گیا جس کی رپورٹ تسلی بخش آئی تھی۔ البتہ فاسٹ بالر کے گھٹنے پر سوزش ہے جس کی وجہ سے وہ سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر رہے۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

XS
SM
MD
LG