رسائی کے لنکس

کراچی میں رینجرز پر خودکش حملے میں دو اہل کار زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

محمد ثاقب

کراچی میں رینجرز چوکی پر ہونے والے خودکش حملے میں حملہ آور ہلاک جبکہ دو رینجرز اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی اور صوبہ بلوچستان کے شہر حب کے سرحدی علاقے پر نیم فوجی اہل کاروں کی جانب سے اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری تھا۔

رینجرز ترجمان کے مطابق اسنیپ چیکنگ پر متعین اہل کاروں نے ایک مشکوک فرد کو رکنے کی کوشش کی جو قریبی جھاڑیوں سے نکل کر رینجرز ٹیم کی جانب بڑھ رہا تھا۔

اس دوران مشکوک شخص کے نہ رکنے پر رینجرز اہل کاروں نے فائرنگ کی اور دوسری جانب مشکوک شخص نے خود کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی، تاہم وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

خود کش دھماکے سے ڈیوٹی پر تعینات دو رینجرز اہل کار زخمی ہوگئے۔ تاہم خودکش جیکٹ مکمل طور پر نہ پھٹنے کے باعث زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچی، علاقے کی ناکہ بندی کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ جبکہ خودکش حملہ آور کے ملزمان کے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے بھی شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی لاش تحویل میں لے کر اس کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیاہے۔ خودکش حملہ آور کا ہدف قریب میں واقع رینجرز کی چوکی تھا جس میں دیگر اہلکار افطاری میں مصروف تھے۔

شدید زخمی ہونے والے رینجرز اہل کاروں کی شناخت ڈذلفقار اور سیف محمد کے نام سے ہوئی ہے۔

کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پولیس اور رینجرز پر حملوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے بعد خاطر خواہ کمی آئی ہے لیکن اب بھی اس طرح کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس سے قبل جنوری میں سابق ایس ایس پی ملیر راو انوار پر مبینہ خودکش حملہ ہوا تھا جس میں دو مبینہ حملہ آور ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG