رسائی کے لنکس

سوشانت سنگھ کی آخری فلم 'دل بے چارہ' کے ٹریلر کا یوٹیوب پر نیا ریکارڈ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ کی آخری فلم 'دل بے چارہ' کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے۔ فلم کے ٹریلر نے یوٹیوب پر سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے ٹریلر کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

دل بے چارہ ہالی وڈ کی ایک فلم 'دی فالٹ ان آور اسٹارز' کا ری میک ہے جو 2014 میں ریلیز ہوئی تھی۔

'دل بے چارہ' کا ٹریلیر پیر کو ریلیز کیا گیا تھا جس کی ریلیز کے 48 گھنٹوں بعد یوٹیوب پر اسے چار کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

چوبیس گھنٹوں کے دوران یوٹیوب پر فلم کے ٹریلر کو 53 لاکھ سے زائد لوگوں نے لائیک کیا جو ایک نیا ریکارڈ تھا۔ اس سے قبل ہالی وڈ کی مشہور فلم اوینجرز سیریز کے ٹریلر سب سے زیادہ لائیک کیے جانے والے ٹریلرز تھے۔

اوینجر سیریز کی آخری ریلیز ہونے والی فلم 'اینڈ گیم' کے ٹریلر پر اب تک صرف 29 لاکھ لائیکس ہیں جب کہ دل بے چارہ کے ٹریلیر پر لائیکس کی تعداد اب 78 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

سوشانت سنگھ کے مداح اُن کی آخری فلم کی ریلیز کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ٹریلر کی پسندیدگی اور فلم کے لیے بے تابی کا اظہار کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر 'دل بے چارہ' کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے اس سے متعلق ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

ٹریلر میں شامل ایک ڈائیلاگ "ایک تھا راجہ، ایک تھی رانی۔ دونوں مر گئے ختم کہانی"، یہ اور اس جیسے کئی ڈائیلاگز سوشل میڈیا پر شیئر کیے جا رہے ہیں اور سوشانت سنگھ کے فینز ان ڈائیلاگز کو سوشانت سنگھ کی موت سے جوڑ کر آنجہانی اداکار کو یاد کر رہے ہیں۔

فلم 'دل بے چارہ' کی کہانی ایک کیزی باسو نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جسے کینسر ہے اور سوشانت سنگھ ان کے ساتھ خوشیاں بانٹ رہے ہیں۔ فلم میں کیزی باسو کا کردار اداکارہ سنجنا سانگی نے نبھایا ہے۔

یہ فلم سنجنا سانگی کی ڈیبیو فلم ہے جب کہ سوشانت سنگھ کی زندگی کی آخری فلم جو 24 جولائی کو آن لائن پلیٹ فارمز پر ریلیز کی جائے گی۔

خیال رہے کہ بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ نے گزشتہ ماہ 14 جون کو اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔ وہ اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے اور ابتدائی تفتیش میں ان کی موت کی وجہ خود کشی قرار دی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG