رسائی کے لنکس

شام کے پناہ گزین ڈھائی لاکھ سے بڑھ گئے: اقوام متحدہ


ترکی میں شامی مہاجرین
ترکی میں شامی مہاجرین

اقوام متحدہ نے اس صورت حال کے نتیجے میں انسانی بھلائی اور بہبود سے متعلق پیدا ہونے والے مسائل کو ایک بڑا بحران قراردیا ہے

اقوام متحدہ نے کہاہے کہ شام میں جاری تشدد سے اپنی جانیں بچاکر بھاگنے والوں کی تعداد ڈھائی لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

عالمی ادارے نے اس صورت حال کے نتیجے میں انسانی بھلائی اور بہبود سے متعلق پیدا ہونے والے مسائل کو ایک بڑا بحران قراردیا ہے۔

پناہ گزینوں کے عالمی ادارے نے منگل کے روز کہا کہ اردن میں 85 ہزار سے زیادہ شامی پناہ گزینوں کا اندراج کیا جاچکاہے جب کہ ترکی میں یہ تعداد 78 ہزار پانچ سو کے قریب ہے ۔ عالمی ادارے کے مطابق 67 ہزار پناہ گزین لبنان اور ساڑھے22 ہزار عراق میں موجود ہیں۔

ادارے کی خاتون ترجمان سیبلا ولکس نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ روزانہ ہزاروں افراد کی آمد سے پناہ گزینوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔

ترجمان کا کہناتھا کہ عالمی ادارے یواین ایچ سی آر کی اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے دو اہم ترجیحات یہ ہیں کہ ہمسایہ ممالک پناہ گزینوں کے لیے اپنی سرحدیں کھلی رکھیں اور ان کی رہائش و خوراک کے مناسب انتظام کے لیے بین الاقوامی امداد میں نمایاں طورپر اضافے کی کوششیں کی جائیں۔

خاتون ترجمان نے اردن کے پناہ گزین کیمپوں کے بارے میں بتایا کہ وہاں 27 ہزار پناہ گزین خیموں میں رہ رہے ہیں جو کہ قابل قبول صورت حال نہیں ہے۔ ان کا کہناتھا کہ گرمیوں کا موسم رخصت ہونے والا ہے اور سردیوں کے سخت موسم میں پناہ گزینوں کی رہائش کے مناسب انتظام کی فوری ضرور ت ہے۔
XS
SM
MD
LG