رسائی کے لنکس

شامی فوج کا ملک بھر میں 72 گھنٹوں کی جنگ بندی کا اعلان


فائل
فائل

فوج کی جانب سے دیے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے، سرکاری ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ جنگ بندی چھ جولائی کو ایک بجے رات سے لے کر آٹھ جولائی کو مقامی وقت کے مطابق نصف شب تک نافذ رہے گی

شامی فوج نے بدھ کے روز ملک بھر میں 72 گھنٹے کی یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے اور یہ فیصلہ رمضان کے مقدس مہینے کے خاتمے پر عید کی مناسبت کیا گیا ہے۔

فوج کی جانب سے دیے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ جنگ بندی چھ جولائی کو ایک بجے رات سے لے کر آٹھ جولائی کو مقامی وقت کے مطابق نصف شب تک نافذ رہے گی۔

بیان میں یہ تفصیل نہیں بتائی گئی آیا جنگ بندی کا اطلاق جہادیوں کے خلاف جاری فوجی کارروائی پر بھی ہو گا، مثلاً داعش اور القاعدہ سے منسلک النصرہ محاذ۔

کیری کا جنگ بندی کا خیرمقدم

پولینڈ کے شہر وارسا میں نیٹو کے سالانہ سربراہ اجلاس سے قبل، جارجیا کے شہر، تلبسی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ اس سے عید کی خوشیاں منانے کے سلسلے میں امن کے لمحات میسر آئیں گے۔
اُنھوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ ’’شاید یہ بہتر امکانات کی نوید بنے‘‘۔

کیری نے تمام فریق سے اپیل کی کہ اِس کی پاسداری کی جائے، تاکہ ملک میں جاری خونریزی میں کمی ممکن ہو۔

اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ شام میں مخاصمت کا خاتمہ ’بین الاقوامی شامی اعانتی گروپ‘ کے اندر ’’زیرِ بحث معاملہ تھا‘‘، جن کے امریکہ اور روس شریک سربراہ ہیں۔

فوری طور پر اِس بات کا عندیہ نہیں ملا آیا صدر بشار الاسد کی حکومت کی مخالف باغی فواج اِس نئی جنگ بندی پر عمل درآمد کرے گی۔

اِس سے قبل، شام میں جنگ بندی کی تمام کوششوں پر عمل درآمد ناکام رہا ہے، جس طرح پانچ برس کی خانہ جنگی کو ختم کرنے کی سفارتی کوششیں ناکام رہی ہیں؛ جن کے نتیجے میں 280000 افراد ہلاک جب کہ لاکھوں لوگ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG